آئی سی سی کا شین وارن کی موت پر اظہار افسوس
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے شہرہ آفاق آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے شہرہ آفاق آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو جیوف ایلارڈس نے ایک بیان میں وارن کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میدان اور میدان سے باہر ان کے اثرات کو نسلوں تک یاد رکھا جائے گا۔
"شین کے انتقال کا سن کر مجھے صدمہ پہنچا۔ وہ ایک لیجنڈ تھے۔ انہوں نے لیگ اسپن بالنگ کے فن کو زندہ کر کے کرکٹ کا منظرنامہ بدل دیا۔" انہوں نے کہا، "میدان کے باہر ان کی شراکت بھی قابل ذکر تھی، جہاں انہوں نے اپنا وقت اور تجربہ نوجوان کھلاڑیوں، خاص طور پر لیگ اسپنرز کے ساتھ شیئر کیا۔ کمنٹری باکس میں بھی ان کا کامیاب کریئر تھا۔ وہ زیادہ تر کرکٹنگ ممالک میں براڈکاسٹر تھے۔ وہ پہلی پسند کے مبصرین میں سے ایک تھے‘‘۔
ایلارڈس نے کہا، "انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ہماری دعائیں اس مشکل وقت میں ان کے خاندان، دوستوں اور مداحوں کے ساتھ ہیں۔" وارن نے اپنا ٹسٹ ڈیبیو 1992 میں ہندوستان کے خلاف سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کیا۔ وہ اب تک کے سب سے کامیاب لیگ اسپنر ہیں۔ انہوں نے 145 ٹسٹ کھیلے اور 708 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے ساتھ 37 بار پانچ وکٹیں اور 10 بار 10 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ 194 ون ڈے میچوں میں وارن نے 293 وکٹیں حاصل کیں۔
انہیں 2013 میں آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کیا گیا تھا۔ 2007 میں ختم ہونے والے 15 سالہ شاندار کریئر میں ان کی بے مثال کامیابیوں پر انہیں وزڈن نے صدی کے پانچ کرکٹرز میں سے ایک کے طور پر نامزد کیا۔ وارن نے 1999 میں آسٹریلیا کو آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے ایشز کرکٹ میں 195 وکٹیں حاصل کیں۔ بین الاقوامی کرکٹ سے رٹائرمنٹ کے بعد وہ آئی پی ایل فرنچائز ٹیم راجستھان رائلز کے کپتان اور کوچ بن گئے۔ ان کی قیادت میں راجستھان نے سال 2008 میں آئی پی ایل جیتا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔