میں اپنے بلے کو بات کرنے دینا چاہتا ہوں: ایشان کشن
ایشان کشن نے کہا کہ میں ان چیزوں کے بارے میں نہیں سوچتا۔ میں صرف موقع ملنے پر پرفارم کرنا چاہتا ہوں۔ میں اپنے بلے کو بات کرنے دینا چاہتا ہوں کہ میرے لئے (ٹیم میں) جگہ ہے یا نہیں۔
چٹگاوں (بنگلہ دیش): سلامی بلے باز ایشان کشن نے کہا ہے کہ وہ گھریلو سرزمین پر ہونے والے آئی سی سی کرکٹ عالمی کپ 2023 سے پہلے ہندوستانی ٹیم میں اپنا دعویٰ پیش کرنے کے لئے اپنے بلے کو بات کرنے دینا چاہتے ہیں۔ ایشان کشن نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’میں ان چیزوں کے بارے میں نہیں سوچتا۔ میں بات نہیں کرنا چاہتا۔ میں صرف موقع ملنے پر پرفارم کرنا چاہتا ہوں۔ میں اپنے بلے کو بات کرنے دینا چاہتا ہوں کہ میرے لئے (ٹیم میں) جگہ ہے یا نہیں۔"
ایشان کشن (24) نے ہفتہ کو یہاں تیسرے اور آخری ون ڈے میں 131 گیندوں پر 24 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 210 رنز بناتے ہوئے بنگلہ دیش کی گیندبازی کی دھجیاں اڑائیں۔ کپتان روہت شرما کے زخمی ہونے کے بعد کشن کو ٹیم میں موقع دیا گیا تھا اور انہوں نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور کئی ریکارڈ اپنے نام کیے۔ کشن نے صرف 126 گیندوں میں 200 رنز بنا کر تیز ترین ڈبل سنچری کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کے نام تھا جنہوں نے 138 گیندوں پر ڈبل سنچری اسکور کی تھی۔ اس کے ساتھ ہی کشن (24 سال 125 دن) ڈبل سنچری بنانے والے سب سے کم عمر بلے باز بھی بن گئے ہیں۔
جب ایک روزہ کرکٹ میں سلامی بلے بازوں کی بات آتی ہے تو ہندوستان کے پاس کپتان روہت شرما، تجربہ کار شکھر دھون اور کے ایل راہل کی شکل میں کئی متبادل ہیں۔ ایسی صورت حال میں، کشن کو مضبوط بیٹنگ لائن اپ میں ایک مختلف راستہ تلاش کرنا پڑ سکتا ہے، حالانکہ بااعتماد بائیں ہاتھ کے بلے باز کو معلوم ہے کہ ان کے پاس اس کے لئے کافی وقت ہے۔ کشن نے کہا، "میرے خیال میں دوسرے کھلاڑی بھی مختلف بیٹنگ آرڈر میں کھیلتے آئے ہیں، اس لیے ایک نوجوان کھلاڑی ہونے کی وجہ سے میں شکایت نہیں کر سکتا اور یہ مطالبہ نہیں کر سکتا کہ آپ کو مجھے اس مخصوص پوزیشن پر بلے بازی کرانی چاہیے۔"
انہوں نے کہا، "میری اس اننگ سے کوچ راہل دراوڈ کافی خوش تھے۔ وہ ٹیم میں سب کو موقع نہیں دے سکتے کیونکہ ہمارے پاس پہلے ہی اتنی اچھی ٹیم الیون موجود ہے۔ وہ خوش تھے کہ میں نے موقع ملنے پر اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ جہاں دیگر بلے باز ڈبل سنچری بنانے پر خوش ہوتے، کشن کو 300 رنز نہ بنانے پر افسوس ہے۔ کشن نے کہا، ’’36ویں اوور میں آؤٹ ہونے کے بعد مجھے اب بھی لگتا ہے کہ اس وقت 15 اوور باقی تھے اور میں 300 رنز بھی بنا سکتا تھا۔ بلے بازی کے لئے وکٹ بہت اچھی تھی اور میرا ارادہ بالکل واضح تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔