میں ویسے ہی کھیلا جیسے کھیلتا آیا ہوں، کچھ نیا کرنے کی کوشش نہیں کی: پرتھوی شاہ

پرتھوی شا نے کہا، میرا اصول صاف ہے کہ گیند کو اس کی میرٹ پر کھیلو چاہے فرسٹ کلاس کرکٹ ہو یہ ٹسٹ میچ۔ میں جیسے ہر میچ میں کھیلتا آیا ہوں اسی طرح آج بھی کھیلا، میں نے کچھ نیا یا کرنے کی کوشش نہیں کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

راجکوٹ: اپنے ڈیبو ٹسٹ میں سنچری بنانے والے نوجوان بلے باز پرتھوی شاہ نے جمعرات کو کہا کہ آغاز میں وہ نروس تھے لیکن 5-10 اوور کھیلنے کے بعد ان میں اعتماد آ گیا۔

18سال پرتھوی شاہ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے کرکٹ ٹسٹ کے پہلے دن جمعرات کو 134 رن بنانے کے بعد پریس کانفرنس میں کہاکہ شروع میں میں کچھ نروس تھا کیونکہ یہ میرا پہلا ٹسٹ تھا لیکن 5-10 اوور کھیلنے کے بعد میرے اندر اعتماد آنے لگا۔ بلے سے باؤنڈري آ رہی تھیں اور مجھے کچھ ڈھیلی گیندیں کھیلنے کو مل رہی تھیں جس سے مجھے اپنے شاٹ کھیلنے میں آسانی ہوئی۔ جو اچھی گیندیں تھیں میں نے انہیں ان کی قابلیت کی بنیاد پر کھیلا۔

اپنے ڈیبو ٹسٹ میں کسی طرح کے دباؤ پر اس نوجوان بلے باز نے کہا کہ میرا اصول صاف ہے کہ گیند کو اس کی میرٹ پر کھیلیں، پھر چاہے فرسٹ کلاس کرکٹ ہو یہ ٹسٹ میچ۔ میں جیسے ہر میچ میں کھیلتا آیا ہوں اسی طرح آج بھی کھیلا۔ میں نے کچھ نیا یا کرنے کی کوشش نہیں کی۔

پرتھوی شاہ نے ساتھ ہی کہاکہ انگلینڈ میں سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شئیر کرنے کا تجربہ ان کے کام آیا۔ انگلینڈ میں تمام سینئر کھلاڑیوں، کپتان وراٹ کوہلی اور کوچ روی سر نے برابر میرا حوصلہ بڑھایا اور مجھے آرام دہ کیا۔ اب تو مجھے لگتا ہے کہ یہ سب میرے دوست کی طرح ہیں۔

بین الاقوامی کرکٹ کو ایک مختلف تجربہ بتاتے ہوئے پرتھوی شاہ نے کہاکہ انڈر -19، گھریلو اور بین الاقوامی کرکٹ میں کافی فرق ہے۔ گھریلو کرکٹ میں آپ اپنے ہی ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتے ہیں لیکن بین الاقوامی کرکٹ میں گیند بازوں میں رفتار ہوتی ہے، ان کے پاس تجربہ ہوتا ہے اور انہیں کھیلنا آسان نہیں ہوتا ہے۔

اوپننگ میں اترنے کے بارے میں پوچھے جانے پر نوجوان کھلاڑی نے کہاکہ یہ فیصلہ کپتان اور کوچ کو کرنا تھا کہ مجھے کہاں کھیلنا ہے۔ ویسے مجھے جہاں بھی کہا جاتا میں وہیں کھیلنے کے لئے بھی تیار تھا۔ مجھے اوپننگ میں جگہ دی گئی اور میں نے اس موقع کا پورا فائدہ اٹھایا۔ میرے دماغ میں صرف ایک ہی بات تھی کہ اسکور بورڈ کو آگے بڑھائے رکھنا ہے اور میں نے وہی کیا۔

پرتھوی شاہ نے اس سنچری کا کریڈٹ اپنے والد کو دیتے ہوئے کہا،کہ میں اس کا کریڈٹ ان کو دینا چاہوں گا کیونکہ انہوں نے میرے لئے بڑی قربانی دی ہے اور آج میں یہاں انہی کی وجہ سے ہوں۔

پرتھوی شاہ کے گاؤں میں ہولی و دیوالی

پٹنہ: بہار کی مٹی کے لال ونڈر بوائے پرتھوی شاہ کے جمعرات کو اپنے ڈیبو ٹیسٹ میچ میں سنچری بنانے کے ساتھ ہی ان کے آبائی گاؤں گیا ضلع کے مان پور کے پٹوا ٹولی میں دیوالی اور ہولی ایک ساتھ منائی گئی۔

راجکوٹ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ہندستان کی جانب سے پرتھوی شاہ کے انتخاب کئے جانے کے بعد سے ہی ان کے پٹوا ٹولی گاؤں میں جشن کا ماحول بنا ہوا تھا۔ پرتھوی شاہ جب آج ہندستان کی اننگز کے آغاز کے لئے آئے تب پٹوا ٹولی گاؤں کے تقریبا تمام گھروں میں ٹی وی سیٹ کھلے ہوئے تھے اور لوگ اپنا اپنا کام کاج چھوڑ کر ٹی وی سیٹ سے چپکے رہے۔ بلے بازی کے لیے پرتھوی شاہ کے پچ پر آتے ہی ٹی وی پر میچ دیکھ کر ان لوگوں نے جم کر تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔

پرتھوی شاہ کے دوڑ کر رن لیتے ہی لوگ کافی پرجوش ہو گئے اور کہنے لگے کہ آج کوئی سنچری بنائے گا تو وہ ہے پرتھوی۔ ان کے 50 کا ہندسہ پار کرتے ہی لوگ خدا سے اس کے لئے دعا کرنے لگے۔ جیسے جیسے پرتھوی شاہ سنچری کی جانب بڑھنے لگے لوگ ٹی وی کے سامنے سے ہٹنے کا نام نہیں لے رہے تھے۔ وہ صرف پرتھوی شاہ کی سنچری مکمل ہوتا دیکھنا چاہ رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔