ہوٹل نے کوہلی کے کمرے میں گھسنے پر معذرت کی، ملوث افراد کو کیا برطرف
وراٹ کوہلی نے کہا کہ وہ اگر اپنے ہوٹل کے کمرے میں بھی رازداری حاصل نہیں کر سکتے تو وہ اس کی کہاں توقع کر سکتے ہیں ۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کی میزبانی کرنے والے ہوٹل 'کراؤن پرتھ' نے وراٹ کوہلی کے کمرے میں گھسنے کے واقعہ کے لیے معافی مانگی اور کہا کہ اس حرکت میں ملوث افراد کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے۔
ایک بیان میں ہوٹل نے کہا، "ہم مہمان (کوہلی) سے معذرت خواہ ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے کہ اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے ’’یہ رویہ قطعی طور پر قابل برداشت نہیں ہے اور یہ ہماری ٹیم کے ارکان اور ٹھیکیداروں کے لیے مقرر کردہ معیارات پر کھرا نہیں اترتا۔ کراون نے اس مسئلے کو ٹھیک کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے ہیں۔ ملوث افراد کو کراون سے ہٹا دیا گیا ہے۔ کراؤن تھرڈ پارٹی کنٹریکٹر کے ساتھ تحقیقات کر رہا تھا اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرے گا کہ اس قسم کا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔"
کوہلی اس وقت ہندوستانی ٹیم کے ساتھ ایڈیلیڈ پہنچ چکے ہیں جہاں ہندوستان کا بدھ کو بنگلہ دیش سے مقابلہ ہوگا۔ اپنے کمرے میں مبینہ گھسنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ یہ بہت خوفناک ہے۔
انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ مداح اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو دیکھ کر بہت خوش اور پرجوش ہوتے ہیں۔ میں نے ہمیشہ اس کی تعریف کی ہے، لیکن یہ ویڈیو بہت خوفناک ہے اور اس نے مجھے خوفزدہ کردیا۔ اگر میں اپنے ہوٹل کے کمرے میں بھی رازداری حاصل نہیں کر سکتا تو میں اس کی کہاں توقع کر سکتا ہوں؟ میں اس قسم کے پاگل پن اور رازداری کی خلاف ورزی کی قطعی حمایت نہیں کرتا۔"
ہندوستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف سپر 12 میچ کے لیے یہاں کراؤن پرتھ ہوٹل میں ٹھہری ہوئی تھی۔ نسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ ہونے پر ٹیم ایڈیلیڈ کے لیے روانہ ہو چکی تھی۔ ویڈیو میں ایک شخص کوہلی کے کمرے میں گھوم گھوم کر ان کا سامان دکھا رہا ہے اور ویڈیو میں لکھا ہے 'ہوٹل میں کنگ کوہلی کا کمرہ'۔
آسٹریلیائی بلے باز ڈیوڈ وارنر نے کوہلی کی ویڈیو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مضحکہ خیز اور قطعی طور پر ناقابل قبول ہے۔ کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما نے بھی اس واقعہ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا اب تک کا بدترین تجربہ تھا۔
انوشکا نے کہا، "کچھ واقعات کا تجربہ ہے جہاں کچھ مداحوں نے ماضی میں بھی اس طرح کی حرکت کی ہے، لیکن یہ واقعی ایک غیر مہذب واقعہ ہے۔ یہ انسان کی پرائیویسی کی خلاف ورزی ہے۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔