عالمی کپ ٹرافی کے ساتھ ہندوستانی ٹیم کا ہوٹل میں ہوا زبردست استقبال
ہندوستانی ٹیم نے ٹی ٹوینٹی عالمی کپ فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر ٹرافی جیت لی۔ جمعرات کو جب ٹیم بارباڈوس سے دہلی واپس آئی تو ہوائی اڈے سے لے کر ہوٹل میں ہوا اس کا شاندار استقبال۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوینٹی عالمی کپ جیتنے کے بعد آج یعنی 4 جولائی 2024 کو بارباڈوس سے دہلی واپس پہنچی۔ وطن واپسی پر ٹیم انڈیا کا ایئرپورٹ پر ہی شاندار استقبال کیا گیا۔ ٹیم انڈیا کے استقبال کے لیے مداح صبح سے ہی ایئرپورٹ پر جمع تھے۔ ٹیم انڈیا ایرپورٹ سے آئی ٹی سی موریا ہوٹل پہنچی۔ ٹیم انڈیا کے لیے یہاں خصوصی تیاریاں کی گئی تھیں۔
آئی ٹی سی موریا کے ایگزیکٹو شیف، شیف شیونیت پاہوجا نے بتایا کہ ٹیم انڈیا کے لیے ایک خصوصی کیک بنایا گیا ہے۔ یہ کیک ٹیم کی جرسی کے رنگ کا ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ٹی ٹوینٹی ٹرافی کی طرح ہے۔ یہ ایک حقیقی ٹرافی کی طرح لگتا ہے، لیکن یہ چاکلیٹ سے بنا ہے۔ یہ کیک جیتنے والی ٹیم کے استقبال کے لیے بنایا گیا ہے۔ ٹیم انڈیا کو خصوصی ناشتہ پیش کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ خاص طور پر ہم انہیں ناشتے میں وہی دیں گے جو ہمارے کھلاڑی پسند کرتے ہیں، جیسے چھولے بھٹورےاور باجرے سے بہت سے پکوان بنائے گئے ہیں۔
ہندوستانی ٹیم آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرے گی۔ اس ملاقات کے بعد ہندوستانی ٹیم ممبئی روانہ ہو جائے گی۔ یہاں، ٹیم انڈیا کے کھلاڑی نریمن پوائنٹ سے وانکھیڑے اسٹیڈیم تک کھلی بس میں فتح کی پریڈ میں حصہ لیں گے۔ یہ پریڈ تقریباً 1 کلو میٹر کی ہوگی۔ اس کے بعد بی سی سی آئی ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو 125 کروڑ روپے کی انعامی رقم بھی دے گا۔
ٹیم انڈیا نے دوسرا ٹی ٹوینٹی عالمی کپ جیتاہے۔ اس سے قبل مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں ٹیم انڈیا نے 2007 میں فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر ٹی ٹوینٹی عالمی کپ جیتا تھا۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا کے نام دو عالمی کپ بھی ہیں۔ ٹیم انڈیا نے یہ عالمی کپ 1983 اور 2011 میں جیتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔