غلط شاٹ کھیل کر آؤٹ ہوئے روہت شرما کی گواسکر نے کی تنقید، روہت نے کہا ’ملال نہیں‘

روہت نے ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’میں اس جگہ پہنچا جہاں مجھے پہنچنا تھا۔ گیند بلے کے ساتھ اچھی طرح نہیں جڑی تھی۔ میں جس طرح بلے بازی کرتا ہوں اس سے مطمئن ہوں۔‘‘

روہت شرما، تصویر آئی اے این ایس
روہت شرما، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

برسبین: ہندوستان کے اسٹار سلامی بلے باز روہت شرما ایک مرتبہ پھر اچھی شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل کرنے میں ناکام رہے لیکن انہوں نے کہا کہ انہیں اس طرح آوٹ ہونے کا کوئی ملال نہیں ہے۔ روہت نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹسٹ کے دوسرے دن ہفتہ کے روز پہلی اننگز میں 74 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 44 رن بنائے۔ روہت جب کھیل رہے تھے تو ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ وہ بڑی اننگز کھیلیں گے لیکن روہت ناتھن لیون کی گیند پر غیرضروری شاٹ کھیل کر آوٹ ہوگئے۔

سنیل گاوسکر سمیت بہت سے کرکٹرز نے روہت شرما کے اس طرح سے آوٹ ہونے پر ناراضگی ظاہر کی۔ تاہم، دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد خود کا دفاع کرتے ہوئے روہت نے کہا کہ انہیں اس طرح آؤٹ ہونے کا کوئی افسوس نہیں ہے۔


روہت نے ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا، "میں اس جگہ پہنچا جہاں مجھے پہنچنا تھا۔ گیند بلے کے ساتھ اچھی طرح نہیں جڑی تھی۔ میں جس طرح بلے بازی کرتا ہوں اس سے مطمئن ہوں۔ ہم جانتے ہیں کہ یہ پچ بلے بازی کے لئے اچھی ہے۔ یہاں اچھال ہے اور میں نے اس سے لطف اٹھایا۔ " انہوں نے کہا، "جب میں بلے بازی کے لئے اترا اور جب کچھ اوور کھیلے تو مجھے اس بات پر افسوس ہوا کہ یہاں گیند زیادہ سوئنگ نہیں ہو رہی ہے۔ مجھے اس میں ڈھلنے میں تھوڑا وقت لگ گیا۔ حالانکہ بدقسمتی سے میں آوٹ ہوگیا لیکن یہ ایسا ہے کہ جس کا مجھے کوئی ملال نہیں ہے۔

روہت شرما نے کہا کہ میں گیند بازوں پر دباؤ بنانا چاہتا تھا۔ رن بنانا دونوں اننگز کے لئے تھوڑا مشکل ہے لیکن کسی ایک بلے باز کو سوچنا ہوگا کہ کس طرح گیند بازوں پر دباؤ بنایا جائے۔ بلے بازی کرتے وقت غلطیاں ہوسکتی ہیں لیکن آپ کو اسے تسلیم کرنے کے لئے تیار رہنا پڑتا ہے۔ میری حکمت عملی تھی کہ میں وہ شاٹ کھیلوں اور مجھے اس کا کوئی افسوس نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔