گواسکر کے بین الاقوامی کرکٹ میں پچاس برس مکمل، بی سی سی آئی نے اعزاز سے نوازا
ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے لیجنڈ اور عظیم سلامی بلے باز سنیل گواسکر کے بین الاقوامی کرکٹ میں پچاس برس مکمل ہونے پر انہیں اعزاز سے نوازا
احمد آباد: ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے لیجنڈ اور عظیم سلامی بلے باز سنیل گواسکر کے بین الاقوامی کرکٹ میں پچاس برس مکمل ہونے پر انہیں اعزاز سے نوازا۔
ہندستان اور انگلینڈ کے مابین چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن سنیچر کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے انہیں ایک مومنٹو دیکر بین الاقوامی کرکٹ میں پچاس برس مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔ اس دوران میدان پر موجود شائقین نے بھی گواسکر کے آج کے دن کو یاد گار بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
ہندستان کے عظیم بے باز وں میں سے ایک سنیل گواسکر کے لئے آج کا دن بہت خاص ہے کیونکہ انہوں نے پچاس سال پہلے آج ہی کے دن ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ کی شروعات کی تھی۔ اس سیریز میں انہوں نے یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 774رن بنائے تھے۔
اس موقع پر گواسکر کو اپنا رول ماڈل ماننے والے سچن تندولکر نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ پچاس بر س پہلے آج ہی کے دن کرکٹ کی دنیا میں ایک طوفان آیا تھا۔ سنیل گواسکر نے اپنے کیریر کی پہلی ہی سیریز میں 774رن بنا ڈالے اور اسی وقت ہندستانی کرکٹ کو ہیرو مل گیا۔ میں بچپن سے یہ جانتا تھا کہ مجھے کس کے جیسا بننا ہے۔ آج بھی کچھ نہیں بدلا ہے۔ وہ آج بھی میرے ہیرو ہیں۔ بین الاقوا می کرکٹ میں پچاس برس مکمل ہونے پر مبارکباد۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔