گوتم گمبھیر چار سال بعد کرکٹ کے میدان پر واپسی کے لیے تیار

گوتم گمبھیر نے کہا کہ ’’مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ میں نے 17 ستمبر سے آئندہ لیجنڈس لیگ کرکٹ میں حصہ لینے کے لیے ہاں کہہ دیا ہے۔ میں ایک بار پھر کرکٹ کے میدان پر جانے کے لیے پرجوش ہوں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کے سابق سلامی بلے باز گوتم گمبھیر ایک بار پھر کرکٹ کے میدان پر چوکے-چھکے مارتے ہوئے نظر آنے والے ہیں۔ تقریباً چار سال بعد وہ کرکٹ کے میدان پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔ وہ لیجنڈس لیگ کرکٹ میں کھیلنے کے لیے پریکٹس کر رہے ہیں اور ویریندر سہواگ کے ساتھ وہ اوپننگ کر سکتے ہیں۔ 2007 ٹی-20 عالمی کپ اور 2011 یک روزہ عالمی کپ میں ہندوستان کی جیت میں اہم کردار نبھانے والے گمبھیر اس لیگ میں ہربھجن سنگھ، محمد کیف اور عرفان پٹھان جیسے سابق ساتھیوں کے ساتھ کھیلتے نظر آنے والے ہیں۔

اس تعلق سے گوتم گمبھیر نے کہا کہ ’’مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ میں نے 17 ستمبر سے آئندہ لیجنڈس لیگ کرکٹ میں حصہ لینے کے لیے ہاں کہہ دیا ہے۔ میں ایک بار پھر کرکٹ کے میدان پر جانے کے لیے پرجوش ہوں۔ عالمی کرکٹ کے نامور کھلاڑیوں کے ساتھ پھر سے کھیلنا میرے لیے خوش قسمتی اور اعزاز کی بات ہوگی۔‘‘


لیجنڈس لیگ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو افسر رمن رہیجا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’کرکٹ کے میدان پر گمبھیر کے تعاون کو کوئی فراموش نہیں کر سکتا۔ انھوں نے ملک کو عالمی کپ میں چمپئن بنایا ہے۔ گوتم کے آنے سے لیجنڈس لیگ کرکٹ کا تجربہ مزید بہترین ہونے والا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔