کرکٹ عالمی کپ 2023 فائنل میں تفریح کا بھرپور انتظام، یہاں جانیں پوری تفصیل

فائنل مقابلہ سے پہلے بی سی سی آئی نے ایئر شو کرانے کا انتظام کیا ہے، 1.35 بجے یہ ایئر شو کیا جائے گا جو کہ 15 منٹ کا ہوگا، اس ایئر شو میں طیارے اسٹیڈیم کے اوپر اپنے کرتب دکھائیں گے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر @BCCI</p></div>

تصویر @BCCI

user

قومی آواز بیورو

کرکٹ عالمی کپ 2023 کا فائنل مقابلہ 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔ یعنی پوری دنیا کی نظریں اتوار کے روز نریندر مودی اسٹیڈیم پر ہی مرکوز رہیں گی۔ ایسے میں ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہی بی سی سی آئی نے فائنل مقابلے کو یادگار بنانے کے لیے پوری تیاری کر لی ہے۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے فائنل میچ سے تو لوگ لطف اندوز ہوں گے ہی، ساتھ ہی خطابی مقابلے میں گلیمر کا تڑکا بھی لگے گا اور موسیقی کا جادو بھی بکھیرا جائے گا۔

دراصل بی سی سی آئی نے میچ سے پہلے، میچ کے درمیان اور میچ کے بعد کرکٹ شائقین کے لیے تفریح کے کچھ خاص انتظامات کیے ہیں۔ اس سلسلے میں بی سی سی آئی نے آج سوشل میڈیا پر جانکاری بھی دی ہے۔ دی گئی جانکاری کے مطابق فائنل مقابلہ سے پہلے بی سی سی آئی نے ایئر شو کرانے کا انتظام کیا ہے۔ ٹاس کے بعد 1.35 بجے یہ ایئر شو کیا جائے گا جو 1.50 بجے تک چلے گا۔ یعنی ایئر شو کے لیے 15 منٹ کا وقت مختص کیا گیا ہے۔ اس ایئرشو میں طیارے اسٹیڈیم ے اوپر اپنے کرتب دکھائیں گے۔ طیارے ایئرپورٹ سے پرواز بھریں گے اور اسٹیڈیم کے اوپر پہنچ کر کرتب دکھانا شروع کریں گے۔ یہ کرتب ’سوریہ کرن ایکروبیٹک‘ ٹیم کے ذریعہ دکھائے جائیں گے۔


تفریح کا دوسرا موقع تب ملے گا جب پہلی اننگ میں ڈرنکس بریک ہوگا۔ اس وقت گلوکار آدتیہ گڑھوی براہ راست پرفارمنس دیں گے۔ اس کے لیے تقریباً 4.30 بجے کا وقت مقرر ہے۔ ڈرنکس بریک کے حساب سے اس وقت میں چند منٹوں کا فرق ہو سکتا ہے۔ فائنل مقابلے میں جب پہلی اننگ ختم ہو جائے گی تو کچھ دلچسپ چیزیں دیکھنے کو ملیں گی۔ مثلاً عالمی کپ میں ابھی تک کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کپتانوں کا استقبال کیا جائے گا۔ آئی سی سی نے 1975 سے لے کر 2019 تک کے سبھی عالمی کپ فاتح کپتانوں کو اس کا دعوت نامہ بھیجا ہے۔ بی سی سی آئی ان سبھی کپتانوں کو اعزاز بخشے گا۔ اس میں ہندوستان کے کپل دیو اور مہندر سنگھ دھونی کے علاوہ ویسٹ انڈیز کو دو بار خطاب دلانے والے کلائیو لائیڈ، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ، اسٹیو وا، ایلن بارڈر، مائیکل کلارک، سری لنکا کے ارجن رناتنگا، پاکستان کے عمران خان اور انگلینڈ کے ایان مورگن کے نام شامل ہیں۔ اس تقریب کے لیے 15 منٹ کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ عمران خان کی شرکت اس تقریب میں مشکل نظر آ رہی ہے، کیونکہ وہ فی الحال پاکستان کی جیل میں بند ہیں۔

عالمی کپ کا تھیم سانگ بنانے والے موسیقار پریتم کا لائیو شو بھی پہلی اننگ ختم ہونے کے بعد پیش کیا جائے گا۔ اس دوران وہ 500 سے زیادہ ڈانسرز کے ساتھ تھیم سانگ ’جشن جشن بولے‘ پر گاتے اور تھرکتے نظر اائیں گے۔ پریتم کے ساتھ کچھ دیگر گلوکار آخر میں میدان کا چکر لگائیں گے۔ دوسری اننگ میں ڈرنکس بریک کے دوران لیزر شو کی بھی تیاری ہے جو کہ 90 سیکنڈس پر مشتمل ہوگا۔ ویسے دوسری اننگ میں ڈرنکس بریک کے دوران لیزر شو کا انعقاد رواں عالمی کپ ٹورنامنٹ کے سبھی مقابلوں میں کیا جاتا رہا ہے۔


جب میچ ختم ہو جائے گا اور دنیا کو 2023 کا کرکٹ عالمی کپ چمپئن مل جائے گا تو فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کی جائے گی اور اس کے بعد 1200 ڈرون اپنا کمال دکھائیں گے۔ یہ ڈرون ہوا میں چمپئن ٹیم کا سائن بنائیں گے۔ پھر اس کے بعد شاندار انداز میں آتش بازی ہوگی۔ اس طرح تفریح سے بھرے پورے دن کا آختتام ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔