ہندوستان کے سابق کرکٹر سلیم درانی کا انتقال، ناظرین کی مانگ پر لگاتے تھے چھکا
ہندوستان کے سابق کرکٹر سلیم درانی کا 88 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے، وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور انہوں نے گجرات کے شہر جام نگر میں آخری سانس لی
گاندھی نگر: ہندوستان کے سابق کرکٹر سلیم درانی کا 88 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔ وہ کافی وقت سے علیل چل رہے تھے۔ ایک رپورٹ کے مطابق سلیم درانی کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور انہوں نے گجرات کے شہر جام نگر میں آخری سانس لی۔
دنیائے کرکٹ سے وابستہ معروف شخصیات سلیم درانی کے انتقال پر انہیں خراج عقیدت پیش کر رہی ہیں۔ اپنے زمانے کے بہترین آل راؤنڈر قرار دیے جانے والے سلیم درانی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ناظرین کی مانگ پر چھکا لگا دیتے تھے۔ انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ اور معروف کھلاڑی روی شاستری نے ان کی ایک تصویر ٹوئٹ کر کے انہیں یاد کیا ہے۔ وہیں، کرکٹر وی وی ایس لکشمن نے لکھا کہ سلیم درانی ارجن ایوارڈ سے نوازے جانے والے پہلے کرکٹر تھے۔ سلیم درانی کو 160 میں ارجن ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
سلیم درانی کی پیدائش 11 دسمبر 1934 کو افغانستان کے شہر کابل میں ہوئی تھی۔ تاہم، جب وہ صرف 8 برس کے ہی تھے تو ان کا خاندان نے پاکستان کے شہر کراچی میں سکونت اختیار کر لی تھی۔ تقسیم ہند کے وقت درانی کا خاندان ہندوستان آ گیا۔ سلیم کی دلچسپی کرکٹ میں تھی، لہذا انہوں نے اس کھیل میں ہاتھ آزمانے شروع کیے۔ سلیم نے 1960-70 کی دہائی میں آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنی شناخت بنائی۔
سلیم نے 1960 میں ممبئی ٹیسٹ سے ڈیبیو کیا تھا۔ وہ چھکے مارنے کے لیے زیادہ مشہور ہیں۔ سلیم درانی ہندوستان کے لیے 29 ٹیسٹ میچ کھیل چکے تھے، جس میں انہوں نے ایک سنچری اور سات نصف سنچری کی مدد سے 1202 رن بنائے تھے۔ اس کے علاوہ 75 وکٹ بھی حاصل کیے تھے۔ سلیم نے آخری ٹیسٹ فروری 1973 میں انگلینڈ کے خلاف ممبئی میں کھیلا تھا۔
کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد سلیم نے فلم انڈسٹری میں بھی کام کیا۔ انہوں نے بالی ووڈ فلم 'چریتر' میں اداکاری کی تھی، اس فلم میں سلیم کے ساتھ اپنے زمانے کی مشہور اداکارہ پروین بابی نے کام کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔