سابق کپتان کپل دیو دل کا دورہ پڑنے کے بعد اسپتال میں داخل، خطرے سے باہر
کپل دیو کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ فی الحال ان کی حالت مستحکم ہے اور وہ خطرے سے باہر ہیں، جیسے ہی کپل دیو کے حوالہ سے سوشل میڈیا پر خبر پھیلی، ان کے صحت یابی کے لئے دعائیں کی جانے لگیں
نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وہ فورٹس اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی اینجیوپلاسٹی انجام دی گئی ہے۔ تاہم، فی الحال ان کی حالت مستحکم ہے اور خطرے سے باہر بتائے جا رہے ہیں۔ کپل دیو کی عمر اس وقت 61 سال ہے۔
جیسے ہی کپل دیو کے حوالہ سے یہ خبر پھیلی، سوشل میڈیا پر ان کے صحت یابی کے لئے دعائیں کی جانے لگیں۔ ہندوستان کو اپنی کپتانی میں عالمی کپ دلانے والے کپل دیو کا شمار دنیا کے بہترین آل راؤنڈروں میں کیا جاتا ہے۔ ہندی کپل دیو کا علاج کر رہے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ان کی حالت مستحکم ہے اور وہ خطرے سے باہر ہیں۔
کپل دیو نے اپنے بین الاوامی کیرئر میں 131 ٹیسٹ اور 225 ون ڈے میچ کھیلے ہیں۔ ان کے نام ٹیسٹ میں 5248 رن اور 434 وکٹ درج ہیں۔ ون ڈے انٹرنیشنل کیرئر میں انہوں نے 3783 رن بنائے اور 253 وکٹ بھی حاصل کئے۔ انہوں نے اپنا آخری مقابلہ ویسٹ انڈیز کے خلاف فرید آباد مٰں سال 1994 میں کھیلا تھا۔
ہندوستان نے 1983 میں کرکٹ کی دنیا کے بہترین آل راؤنڈروں میں سے ایک کپل دیو کی کپتانی میں پہلی بار ورلڈ کپ جیتا تھا۔ ورلڈ کپ کی اس سنہری یاد پر بالی وڈ میں ایک فلم بھی بن رہی ہے، جس کا نام '83' ہے۔ اس فلم میں اداکار رنویر سنگھ کپل دیو کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ رنوین کی اصل زندگی کی بیوی دیپیکا پڈوکون کپل دیو کی بیوی رومی دیوی کے کردار میں نظر آئیں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔