پہلا ٹیسٹ: جنوبی افریقہ میں سیریز جیتنے کا خواب پھر ٹوٹا، ایک اننگ اور 32 رن سے ہارا ہندوستان

ہندوستان کی بلے بازی دوسری اننگ میں پوری طرح بکھر گئی، صرف دو کھلاڑی ہی دوہرے ہندسے تک پہنچ پائے، پوری ٹیم محض 131 رنوں پر پویلین لوٹ گئی۔

<div class="paragraphs"><p>ڈین ایلگر، تصویر @ICC</p></div>

ڈین ایلگر، تصویر @ICC

user

قومی آواز بیورو

جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ہندوستانی ٹیم ایک اننگ اور 32 رنوں سے ہار گئی ہے۔ اس شرمناک شکست کا ذمہ دار ہندوستانی بلے باز اور گیندبازوں دونوں رہے، کیونکہ پہلی اننگ میں کسی طرح 245 رن کا اسکور بنانے کے بعد ہندوستانی ٹیم دوسری اننگ میں محض 131 رنوں پر پویلین لوٹ گئی۔ ہندوستانی گیندبازوں کو تو ایک ہی اننگ میں گیندبازی کا موقع ملا اور جنوبی افریقہ کے 9 بلے بازوں کو آؤٹ کرنے میں 408 رن خرچ کر دیے۔ کپتان تیندا بووما زخمی تھے اس لیے وہ کھیلنے نہیں اترے، ورنہ مزید بڑا اسکور کھڑا ہو سکتا تھا۔

پہلے ٹیسٹ میں شکست کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم کا جنوبی افریقہ کی زمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے کا خواب ایک بار پھر چکناچور ہو گیا۔ پہلی اننگ میں جہاں کے ایل راہل نے سنچری بنا کر کسی طرح ہندوستان کی عزت رکھ لی تھی، وہیں دوسری اننگ میں وراٹ کوہلی نے 76 رن بنائے لیکن کسی دیگر بلے باز نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ ہندوستان کی خراب بلے بازی کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف دو کھلاڑیوں (کوہلی 76 رن اور شبھمن گل 26 رن) نے ہی رن بنانے کے معاملے میں دوہرے ہندسے کو پار کیا۔


آج صبح جنوبی افریقہ کی ٹیم جب 256 رن پر 5 وکٹ سے آگے کھیلنے اتری تو امید کی جا رہی تھی کہ ہندوستانی گیندباز جلد وکٹ لے کر سبقت کو بہت بڑا نہیں ہونے دیں گے، لیکن ڈین ایلگر اور مارکو یانسن کے درمیان 111 رنوں کی شراکت داری نے امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ ایلگر 287 گیندوں پر 28 چوکوں کی مدد سے 185 رن بنا کر شاردل ٹھاکر کا شکار ہوئے۔ اس وقت تک جنوبی افریقہ کی پہلی اننگ میں سبقت 115 رنوں کی ہو چکی تھی۔ پھر گیرالڈ کویٹزی اور مارکو یانسن کے درمیان بھی 31 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔ ایک سرے پر یانسن جم (ناٹ آؤٹ 84 رن) کر کھیلتے رہے اور دوسری طرف سے باقی بلے باز آؤٹ ہو گئے جس کے سبب جنوبی افریقہ 408 رن بنا سکی اور 163 رنوں کی بڑی سبقت جنوبی افریقہ کو پہلی اننگ میں ملی۔ ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ نے سب سے زیادہ 4 وکٹ لیے۔ 2 وکٹ محمد سراج کے حصے میں آئے اور 1-1 وکٹ شاردل ٹھاکر، پرشدھ کرشنا اور روی چندرن اشون کو ملا۔

ہندوستان کی بلے بازی شروع سے ہی لڑکھڑاتی ہوئی دکھائی دی جب بغیر کوئی رن بنائے کپتان روہت شرما پویلین لوٹ گئے۔ جلد ہی یشسوی جیسوال (5 رن) بھی وکٹ کے پیچھے کیچ تھما بیٹھے۔ شبھمن گل اور وراٹ کوہلی اچھے انداز میں کھیلتے دکھائی دے رہے تھے، لیکن گل جانسن کی ایک یارکر گیند پر بولڈ ہو گئے۔ انھوں نے 37 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 26 رن بنائے۔ ان کے بعد کوئی بھی بلے باز وکٹ پر جم کر نہیں کھیل سکا۔ شریئس ایر محض 6 رن بنا کر اور پہلی اننگ میں سنچری بنانے والے راہل محض 4 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ایک سرے پر کوہلی رن بنا رہے تھے، اور دوسرے سرے پر وکٹ گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ نتیجہ کار پوری ٹیم 34.1 اوورس میں محض 131 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ کوہلی تیزی سے رن بنانے اور اسٹرائک اپنے پاس رکھنے کی کوشش میں 82 گیندوں پر 1 چھکا اور 12 چوکوں کی مدد سے 76 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔


جنوبی افریقہ کی جانب سے دوسری اننگ میں گیرالڈ کویٹزی کو چھوڑ کر سبھی گیندبازوں نے وکٹ حاصل کیے۔ سب سے زیادہ 4 وکٹ اپنا پہلا بین الاقوامی ٹیسٹ کھیل رہے نیندرے برگر نے حاصل کیے۔ 3 وکٹ مارکو یانسن اور 2 وکٹ کگیسو رباڈا کو ملے۔ 185 رنوں کی شاندار اننگ کھیلنے والے ڈین ایلگر کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔