ہندوستان کے خلاف چوتھے ٹیسٹ کے پہلے دن انگلینڈ نے بنائے 302 رن، سنچری میکر جو روٹ نے بنایا خاص ریکارڈ
چوتھے ٹیسٹ کے پہلے دن انگلینڈ کی ٹیم نے 7 وکٹ کے نقصان پر 302 رن بنا لیے ہیں، جو روٹ 106 رن بنا کر کھیل رہے ہیں اور ہندوستان کے خلاف 10 سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔
ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا چوتھا ٹیسٹ میچ آج رانچی میں شروع ہو گیا۔ پہلے دن انگلینڈ نے کئی اتار اور چڑھاؤ سے گزر کر 302 رن بنا لیے ہیں اور ابھی اس کے 3 وکٹ باقی ہیں۔ اس اسکور میں جو روٹ کا تعاون بہت اہم رہا جنھوں نے نہ صرف سنچری بنائی بلکہ ایک خاص ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ دراصل وہ ہندوستان کے خلاف کھیلتے ہوئے ٹیسٹ میچ میں 10 سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انھوں نے اسٹیو اسمتھ کا ریکارڈ توڑا جنھوں نے ہندوستان کے خلاف 9 سنچری بنائی ہے۔ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو یہ جو روٹ کی اکتیسویں ٹیسٹ سنچری ہے۔
آج ٹاس انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے جیتا تھا اور امید کے مطابق پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کو شروعات ٹھیک ٹھاک مل گئی تھی لیکن 47 رن کے اسکور پر جب بین ڈکیٹ (11 رن) آؤٹ ہوئے تو ٹیم لڑکھڑا گئی۔ جلد ہی اولی پوپ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے اور زیک کراؤلی بھی 42 گیندوں پر 42 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 3 وکٹ کے نقصان پر 57 رن ہو گیا۔ تینوں ہی وکٹ ہندوستان کے لیے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے آکاش دیپ نے لیے۔
یہاں سے جانی بیرسٹو اور جو روٹ نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن بیرسٹو 35 گیندوں پر 38 رن بنا کر اشون کا شکار بن گئے۔ جلد ہی کپتان بین اسٹوکس بھی 3 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ 2 وکٹ جلدی جلدی گرنے سے انگلینڈ کا اسکور 5 وکٹ کے نقصان پر 112 رن ہو گیا۔ ٹیم مشکل میں تھی اور ایسے میں بین فوکس نے روٹ کا بہترین ساتھ دیا۔ دونوں کے درمیان 113 رنوں کی بہترین شراکت داری ہوئی۔ فوکس (47 رن) کو محمد سراج نے جڈیجہ کے ہاتھوں کیچ کراتے ہوئے یہ شراکت داری توڑی۔ ٹام ہارٹلی (13 رن) کو بھی محمد سراج نے پویلین بھیجا۔ اس کے بعد آج کا کھیل ختم ہونے تک انگلینڈ کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا۔ جو روٹ 106 رن بنا کر کھیل رہے ہیں اور اولی رابنسن 31 رن بنا کر اچھا ساتھ نبھا رہے ہیں۔ دونوں کے درمیان 57 رنوں کی شراکت داری ہو چکی ہے۔
ہندوستانی گیندبازوں کی بات کی جائے تو سب سے کامیاب آکاش دیپ رہے جنھوں نے 17 اوورس میں 70 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد سراج نے 13 اوورس میں 60 رن دے کر 2 وکٹ لیے ہیں۔ رویندر جڈیجہ (27 اوورس میں 55 رن) اور روی چندرن اشون (22 اوورس میں 83 رن) کو 1-1 وکٹ ملا ہے۔ 10 اوورس میں 21 رن دے کر بے حد کفایتی ثابت ہوئے کلدیپ یادو کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکے۔ آج یشسوی جیسوال نے بھی ایک اوور کیا اور 6 رن دیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔