کلدیپ یادو کے ’پنجہ‘ میں پھنس گیا انگلینڈ، ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ میں ہندوستان کی پوزیشن مضبوط
انگلینڈ کی پہلی اننگ محض 218 رنوں پر سمٹ گئی، کلدیپ یادو نے پانچ اور آر اشون نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں ہندوستان نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 135 رن بنا لیے ہیں۔
ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ آج دھرمشالہ میں شروع ہوا۔ اس میچ میں انگلینڈ کے لیے صرف ٹاس جیتنا ہی اچھی خبر رہی، باقی دن ان کے لیے انتہائی مایوس کن ثابت ہوا۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پوری ٹیم 218 رنوں پر سمٹ گئی اور ہندوستانی ٹیم نے آج کا کھیل ختم ہونے تک محض ایک وکٹ کے نقصان پر 135 رن بھی بنا لیے ہیں۔ ہندوستانی گیندبازوں میں کلدیپ یادو نے پانچ وکٹ لیے، جبکہ آر اشون نے اپنے 100ویں ٹیسٹ میچ کو یادگار بناتے ہوئے چار اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کلدیپ نے تو شروعاتی چھ وکٹ میں سے پانچ وکٹ لے کر انگلینڈ کی کمر توڑ دی، اور پھر کلدیپ کے ’پنجہ‘ کے اثر سے انگلش بلے باز کبھی باہر نہیں نکل سکے۔
آج ٹاس جیتنے کے بعد انگلش کپتان بین اسٹوکس نے پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلے وکٹ کے لیے 64 رنوں کی شراکت داری بھی ہو گئی تھی۔ اس کے بعد 137 رن تک تین کھلاڑی (بین ڈکیت 27 رن، اولی پوپ 11 رن، زیک کراؤلی 79 رن) آؤٹ ہو گئے، اور حد تو تب ہو گئی جب 175 کے اسکور پر تین اہم کھلاڑی (جانی بیرسٹو 29 رن، جو روٹ 26 رن، بین اسٹوکس 0) پویلین لوٹ گئے۔ یہاں سے وکٹ کیپر بلے باز بین فوکس (24 رن) نے کچھ حد تک رن بنانے کی کوشش کی، لیکن باقی بلے بازوں نے مایوس کیا۔ ٹام ہارٹلی نے 6 رنوں کا تعاون کیا، جبکہ مارک ووڈ اور جیمس اینڈرسن تو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ شعیب بشیر 11 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح انگلش ٹیم 57.4 اوورس میں بمشکل 218 رن بنا سکی۔
ہندوستان کی طرف سے گیندبازی میں اسپنرس پوری طرح حاوی دکھائی دیے۔ کلدیپ یادو نے 15 اوورس میں 72 رن دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، آر اشون نے 11.4 اوورس میں 51 رن دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور رویندر جڈیجہ نے 10 اوورس میں محض 17 رن دے کر ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔ جسپریت بمراہ نے 13 اوورس میں 51 رن اور محمد سراج نے 8 اوورس میں 24 رن خرچ کیے۔
جب ہندوستانی بلے بازی شروع ہوئی تو کپتان روہت شرما نے مارک ووڈ کی گیندوں پر تیزی سے رن بٹورنا شروع کیا اور یشسوی جیسوال بہت سنبھل کر بلے بازی کرتے رہے۔ ایک بار جب تیز گیندبازوں مارک ووڈ اور جیمس اینڈرسن کی جگہ اسپنروں کے ہاتھ میں گیند گیا تو پھر یشسوی جیسوال نے طوفانی انداز اختیار کر لیا۔ انھوں نے شعیب بشیر کے پہلے ہی اوور میں تین چھکے لگا دیے۔ یشسوی جیسوال 58 گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 57 رن بنا کر تب آؤٹ ہوئے جب شعیب بشیر کی گیند کو آگے بڑھ کر بڑا شاٹ مارنے کی کوشش میں اسٹمپ ہو گئے۔ جیسوال اور روہت کے درمیان 20.4 اوورس میں 104 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔ اس کے بعد ہندوستان کو مزید کوئی نقصان نہیں ہوا۔ کپتان روہت شرما 83 گیندوں پر 52 رن (دو چھکا اور چھ چوکا) بنا کر اور شبھمن گل (دو چھکا اور دو چوکا) 39 گیندوں پر 26 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔ ہندوستان نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک 30 اوورس میں 135 رن بنا لیے ہیں۔
انگلینڈ کی طرف سے واحد وکٹ لینے والے گیندباز شعیب بشیر رہے۔ انھوں نے 11 اوورس میں 64 رن خرچ کر یہ وکٹ حاصل کیا۔ ٹام ہارٹلی نے 12 اوورس میں 46 رن، جیمس اینڈرسن نے 4 اوورس میں 4 رن اور مارک ووڈ نے 3 اوورس میں 21 رن خرچ کیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔