سڈنی ٹیسٹ، پہلا دن: مینک، پجارا نے قایم کیا ہندوستان کا دبدبہ، ٹیم انڈیا نے بنائے 4 وکٹ پر 303 رن
کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور پہلے دن کے اختتام تک 90 اوور میں 303 رن بنا لیے۔ مینک نے 77، لوکیش راہل نے 9، وراٹ کوہلی نے 23 اور اجنکیا رہانے نے 18 رن بنائے۔
سڈنی: مینک اگروال (77 رنز) اور مسٹر وال چتیشور پجارا کی ناٹ آؤٹ 130 رنز کی بہترین اننگز کی بدولت ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے دن جمعرات کو اسٹمپس تک پہلی اننگز میں چار وکٹ پر 303 رنز بنا کر ٹیم کا دبدبہ بنائے رکھا۔
کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور پہلے دن کے اختتام تک پہلی اننگز میں 90 اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر 303 رن بنا لیے۔ مینک نے 77 رنز، لوکیش راہل نے 09، وراٹ کوہلی نے 23 اور اجنکیا رہانے نے 18 رن بنائے۔ پجارا نے 130 رنز اور هنوما وهاری 39 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ کریز پر بنے ہوئے ہیں اور ابھی ہندوستان کے چھ وکٹ محفوظ ہیں۔
میچ میں مینک اور پجارا نے دوسرے وکٹ کے لئے 116 رن کی بہترین سنچری شراکت سے ہندوستان کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا جبکہ پجارا اب وهاری کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 75 رنز کی ناٹ آؤٹ ساجھیداری کرکے میدان پر ہیں۔ آسٹریلیا کے لیے فاسٹ بولر جوش ہیزل وڈ کو 20 اوور میں 51 رن پر دو وکٹ ملے جبکہ آف اسپنر ناتھن لیون نے 88 رن پر ایک اور مشیل اسٹارک نے 75 رن پر ایک وکٹ لیا۔
سڈنی گراؤنڈ پر وراٹ نے صبح ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور ہندوستانی بلے بازوں کی تسلی بخش کارکردگی سے ٹیم پہلے دن 300 کے پار پہنچ گئی۔ اسپنر کلدیپ یادو کو میچ میں ایشانت شرما کی جگہ شامل کیا گیا جبکہ لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ ٹیم میں اہم اسپنر کے طور پر شامل رہے۔ انفٹ روی چندرن اشون کے کھیلنے پر بنا شک بھی صبح ختم ہو گیا جنہیں آخری الیون میں نہیں لیا گیا۔
اگرچہ روہت شرما کے وطن لوٹنے کی وجہ سے ٹیم میں دوبارہ شامل کئے گئے اوپنر راہل اس موقع کا فائدہ نہیں اٹھا سکے اور موجودہ سیریز میں ان کی خراب فارم کا سلسلہ سڈنی میں بھی جاری رہا جو دوسرے اوور میں ہی اپنا وکٹ گنوا بیٹھے۔ راہل (9) نے 6 گیندیں کھیلیں اور دو چوکے لگا کر ہیزل وڈ کی گیند پر مچل مارش کو کیچ دے بیٹھے۔ راہل کے اس مظاہرے سے ہندوستان پھر سے اوپننگ وکٹ کے لئے بڑی شراکت نہیں کر سکا اور مینک کے ساتھ انہوں نے صرف 10 رن کی ساجھیداری کی۔
میلبورن میں ڈیبو کرنے والے 27 سالہ مینک نے اپنے کیریئر کے محض دوسرے ہی ٹیسٹ میں دوبارہ کمال کرکے دکھایا اور مسلسل دوسری نصف سنچری بنائی۔ گزشتہ میچ میں انہوں نے 76 رن بنائے تھے جبکہ اس بار انہوں نے 112 گیندوں میں 7 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 77 رن کی اننگز کھیلی۔ مینک نے پجارا کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 116 رن کی سنچری شراکت کی۔
پجارا کریز پر صبح دوسرے اوور کے ختم ہونے سے پہلے آئے اور دن کے آخری 90 ویں اوور تک کھیلتے رہے اور ناٹ آؤٹ لوٹے۔ انہوں نے 250 گیندوں کا سامنا کیا اور 16 چوکے لگا کر ناٹ آؤٹ 130 رن بنائے۔ انہوں نے اپنی سنچری چائے کے وقفہ کے بعد 199 گیندوں میں 13 چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔ پجارا نے مشیل اسٹارک کی گیند پرچوکا لگایا اور کیریئر کے کل 68 ویں ٹیسٹ میں اپنی 18 ویں سنچری بنائی۔
پجارا کی مینک کے ساتھ اس شراکت داری کو آسٹریلوی آف اسپنر لیون نے 34 ویں اوور میں توڑا اور اسٹارک کے ہاتھوں ہندوستانی اوپنر کو کیچ کراکر ہندوستان کا دوسرا وکٹ نکالا۔ میچ میں انتہائی سنبھل کر اپنے شاٹس کھیل رہے پجارا نے پھر کپتان وراٹ کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا اور تیسری وکٹ کے لئے 54 رن کی مفید شراکت کی۔
نمبر ایک ٹیسٹ بلے باز وراٹ اگرچہ اس بار بڑی اننگز کھیلے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 59 گیندوں میں چار چوکے لگا کر 23 رن بنائے۔ فاسٹ بولر ہیزل وڈ نے وراٹ كو اس سیریز میں ان کے حریف آسٹریلوی کپتان ٹم پین کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ آسٹریلوی ٹیم نے اس وکٹ کا جشن منایا اور دن کے اختتام تک انہیں نائب کپتان اجنکیا رہانے کا وکٹ بھی مل گیا۔
رہانے نے 55 گیندوں کا سامنا کیا اور ایک چوکے کی مدد سے 18 رن ہی بنا پائے۔ لیکن انہوں نے پجارا کے ساتھ 48 رن کی مفید شراکت کی۔ پجارا نے اس کے بعد اگلے 20 اوور کے کھیل میں هنوما وهاری کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا اور دن کے اختتام تک پانچویں وکٹ کے لئے 75 رن کی ناٹ آؤٹ ساجھیداری کر ڈالی۔
میلبورن میں اوپننگ میں اترے هنوما کو اس بار مڈل آرڈر میں اتارا گیا اور انہوں نے اس بار احتیاط سے کھیلتے ہوئے 58 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 39 رنز بنا لیے۔ پجارا اور هنوما فی الحال کریز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
تیسرے ٹیسٹ میں آل راؤنڈ کھیل دکھانے والے پیٹ کمنز پہلے دن کوئی کامیابی حاصل نہیں کرسکے اور 19 اوور میں 62 رن دے کر کوئی وکٹ نہیں لے سکے۔ آسٹریلوی ٹیم پچھلا میچ گنوانے کے بعد سیریز میں برابری کی کوشش کر رہی ہے جبکہ ہندوستان 2-1 سے آگے ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔