ایمرجنگ ایشیا کپ: جیت کی ہیٹ ٹرک کے ساتھ ہندوستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچی، فائنل میں پاکستان سے مقابلہ ممکن

تلک ورما کی کپتانی والی ہندوستان کی ’اے‘ کرکٹ ٹیم نے گروپ ’بی‘ کے اپنے تیسرے مقابلہ میں عمان کو 6 وکٹ سے شکست دے دی، اب ہندوستانی ٹیم کا مقابلہ سیمی فائنل میں افغانستان کی ’اے‘ ٹیم سے ہوگا۔

<div class="paragraphs"><p>انڈیا ’اے‘ ٹیم کے کھلاڑی، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>

انڈیا ’اے‘ ٹیم کے کھلاڑی، تصویر@BCCI

user

قومی آواز بیورو

مینس ٹی-20 ایمرجنگ ٹیمس ایشیا کپ 2024 میں آج ہندوستان کی ’اے‘ ٹیم نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت کی ہیٹ ٹرک لگا دی۔ تلک ورما کی کپتانی والی ہندوستان ’اے‘ ٹیم نے گروپ ’بی‘ کے اپنے تیسرے میچ میں آج عمان کو 6 وکٹ سے شکست دی۔ ہندوستانی ٹیم نے دوسرا میچ جیتنے کے ساتھ ہی سیمی فائنل میں انٹری کر لی تھی، لیکن آج مقابلہ گروپ ’بی‘ میں پہلے اور دوسرے مقام کے لیے تھا۔ ہندوستانی ٹیم اس جیت کے ساتھ پہلے مقام پر اور شاہین (پاکستان ’اے‘) دوسرے مقام پر پہنچ گئی ہے۔

آج کے میچ کے ہیرو کپتان تلک ورما، آیوش بدونی اور ابھشیک شرما رہے۔ بدونی نے تو طوفانی انداز میں نصف سنچری بنائی۔ میچ سے قبل ٹاس عمان نے جیتا تھا اور پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ عمان کے بلے بازوں نے ٹھیک ٹھاک بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 20 اوورس میں 5 وکٹ کے نقصان پر 140 رن بنا ڈالے۔ محمد ندیم نے 41 رن اور وکٹ کیپر بلے باز حماد مرزا نے 28 رنوں کا تعاون کیا۔ ہندوستان ’اے‘ کی طرف سے گیندبازی میں رمن دیپ سنگھ، نشانت سندھو، آر سائی کشور، راسخ سلام اور عاقب خان نے 1-1 وکٹ لیے۔


141 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری ہندوستانی ٹیم نے جیت کے لیے ضروری رن 15.2 اوورس میں ہی حاصل کر لیے۔ ہندوستان ’اے‘ کے 4 وکٹ ضرور گرے، لیکن سبھی نے تیزی کے ساتھ رن اسکور کیے۔ تلک ورما نے 30 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 36 رن، آیوش بدونی نے 27 گیندوں پر 51 رن اور ابھشیک شرما نے 15 گیندوں پر 34 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی۔

عمان سے قبل ہندوستان کی ’اے‘ ٹیم نے پاکستان ’اے‘ یعنی شاہین کو 7 رن سے شکست دی تھی، اور پھر گروپ کے دوسرے میچ میں یو اے ای کو 7 وکٹ سے ہرایا تھا۔ آج جیت کی ہیٹ ٹرک کے بعد ہندوستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے جہاں اس کا مقابلہ افغانستان کی اے ٹیم سے ہوگا۔ دوسری طرف پاکستان ’اے‘ ٹیم بھی سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے جو سری لنکا ’اے‘ سے مد مقابل ہوگی۔ دونوں ہی سیمی فائنل میچ 25 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ اگر ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں اپنا اپنا میچ جیت لیتی ہیں تو فائنل میں دونوں ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ یعنی کرکٹ شیدائیوں کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ’سپر فائنل‘ میچ دیکھنے کو ملے گا، جو کہ 27 اکتوبر (اتوار) کو کھیلا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔