ایمرجنگ ایشیا کپ 2023: سیمی فائنل میں ہندوستان اے نے بنگلہ دیش اے کو دی شکست، فائنل میں مقابلہ پاکستان اے سے

آج بنگلہ دیش اے کے خلاف سیمی فائنل میچ میں ہندوستان اے نے محض 211 رن بنائے تھے، لیکن اسپن گیندبازوں نشانت (5 وکٹ) اور مانو (3 وکٹ) نے اس چھوٹے سے اسکور کو بھی بنگلہ دیش اے کے لیے مشکل بنا دیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/ESPNcricinfo">@ESPNcricinfo</a></p></div>

تصویر@ESPNcricinfo

user

قومی آواز بیورو

ہندوستان اے کرکٹ ٹیم آج اپنے اسپن گیندبازوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ سیمی فائنل میں ہندوستان اے نے بنگلہ دیش اے کو 51 رنوں سے شکست دی اور اب ہندوستانی ٹیم فائنل میں پاکستان اے سے مد مقابل ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اے نے گروپ لیگ کے میچ میں پاکستان اے کو بری طرح شکست دی تھی، اس لیے ایمرجنگ ایشیا کپ 2023 جیتنے کی ہندوستانی ٹیم کی امیدیں کافی روشن نظر آ رہی ہیں۔

آج بنگلہ دیش اے کے خلاف سیمی فائنل میچ میں ہندوستان اے نے محض 211 رن بنائے تھے۔ جواب میں بنگلہ دیش اے کی شروعات بہت اچھی رہی تھی اور پہلا وکٹ 12.4 اوور میں 70 رن کے اسکور پر گرا تھا۔ لیکن اسپن گیندبازوں نشانت سندھو (5 وکٹ) اور مانو سوتھر (3 وکٹ) نے اس چھوٹے سے اسکور کو بھی بنگلہ دیش اے کے لیے مشکل بنا دیا۔ بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 34.2 اوور میں محض 160 رن ہی بنا سکی۔ اس کے آخری 8 وکٹ تو 60 رن کے اندر ہی آؤٹ ہو گئے، اور آخری 4 وکٹ تو محض 6 رن کے اندر ہی گر گئے۔


جہاں تک ہندوستان اے ٹیم کی بلے بازی کا سوال ہے، تو پاکستان کے خلاف ناٹ آؤٹ سنچری بنانے والے سائی سدرشن محض 21 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے، اور ابھشیک شرما نے 34 رنوں کا تعاون دیا۔ ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان یَش دھل کے علاوہ کسی نے بھی بہت زیادہ دیر تک میدان پر وقت نہیں گزارا۔ ایک طرف یَش دھل سنبھل کر کھیلتے ہوئے رن بناتے رہے، اور دوسری طرف ہر تھوڑے وقفہ پر وکٹ گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ نکن جوس نے 17 رن، نشانت سندھو نے 5 رن، ریان پراگ نے 12 رن، دھرو جوریل نے 1 رن، ہرشت رانا نے 9 رن، مانو سوتھر نے 21 رن اور راجوردھن ہنگرگیکر نے 15 رنوں کا تعاون دیا۔ کپتان یَش دھل نے 85 گیندوں پر 66 رن بنائے اور دسویں وکٹ کی شکل میں اننگ کے آخری اوور میں کیچ آؤٹ ہوئے۔ یش دھل کی سمجھداری والی اننگ کے سبب ہی ہندوستانی ٹیم 49.1 اوور میں 211 رن بنانے میں کامیاب ہو پائی۔

اب سبھی کو اتوار (23 جولائی) کا انتظار ہے جب ہندوستان اے اور پاکستان اے کے درمیان فائنل میچ کھیلا جائے گا۔ پاکستان اے نے آج ہی پہلے سیمی فائنل میچ میں سری لنکا اے کو 60 رنوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 50 اوور میں 322 رن بنائے تھے، لیکن سری لنکائی ٹیم 45.4 اوور میں محض 262 رنوں پر ہی آل آؤٹ ہو گئی۔ سری لنکا اے کے آخر 4 وکٹ محض 8 رنوں کے اندر گر گئے اور پاکستان کی طرف سے ارشد اقبال سب سے کامیاب گیندباز رہے جنھوں نے 7.4 اوور میں 37 رن دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔