دھونی کو صفر پر آؤٹ کرتے ہی میدان پر سجدہ ریز ہو گیا ہانگ کانگ کا کھلاڑی

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو صفر پر آؤٹ کرنا ہانگ کانگ کے کھلاڑی احسان خان کے لیے زندگی بھر نہ بھولنے والا لمحہ تھا اور میدان پر سجدہ کر اس نے خدا کا شکر ادا کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہندوستان اور ہانگ کانگ کے درمیان 18 ستمبر کو کھیلا گیا کرکٹ میچ انتہائی دلچسپ ثابت ہوا۔ ایک وقت جب ہانگ کانگ بغیر کوئی وکٹ گنوائے 170 سے زائد رن بنا چکا تھا تو ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے وہ کوئی بڑا الٹ پھیر کرنے کی طرف گامزن ہے، لیکن پھر لگاتار وکٹ گرنے کی وجہ سے جیت ہندوستان کی جھولی میں چلی گئی۔ لیکن اس سے پہلے جب ہندوستان بلے بازی کر رہا تھا تو ہانگ کانگ کے گیندبازوں کے لیے کئی یادگار مواقع آئے۔ ان میں سب سے زیادہ یادگار وہ لمحہ تھا جب مہندر سنگھ دھونی 3 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے ہوئے آؤٹ ہو گئے۔ یہ لمحہ ہانگ کانگ کے گیندباز احسان خان کے لیے شاید زندگی بھر یاد رہ جانے والا لمحہ تھا اور اسی لیے انھوں نے خدا کا شکر ادا کرنے کے مقصد سے میدان پر ہی سجدہ ریز ہو گئے۔

دراصل جب 40.4 اوور میں شکھر دھون کی شکل میں ہندوستان کا تیسرا وکٹ گرا تھا اور ہندوستان کا اسکور 240 رن تھا تو مہندر سنگھ دھونی بلے بازی کرنے کے لیے میدان میں آئے تھے۔ لیکن 42ویں اوور کی چوتھی گیند پر احسان خان نے انھیں وکٹ کیپر میک کچنی کے ہاتھوں کیچ کرا کر جیسے سبھی ناظرین کو حیران کر دیا۔ لوگ امید لگائے بیٹھے تھے کہ مہندر سنگھ دھونی ہانگ کانگ جیسی نئی ٹیم کے گیندبازوں کی بخیا ادھیڑیں گے اور ہندوستان کو ایک بڑے اسکور تک لے جائیں گے۔ لیکن احسان خان نے دھونی کو بغیر کوئی رَن بنائے چلتا کر دیا۔ اس وکٹ سے ایک طرف تو ہانگ کانگ کی ٹیم اور خود احسان خان خوشی سے پھولے نہیں سما رہے تھے، اور احسان نے تو میدان پر اللہ کا شکر ادا کرنے کے لیے سجدہ بھی کیا، لیکن دوسری طرف دھونی کے شیدائیوں میں مایوسی پھیل گئی۔ ایک ننھا شیدائی تو دھونی کے اس طرح آؤٹ ہونے سے اتنا ناراض ہوا کہ وہ اسٹیڈیم میں موجود کرسیوں پر اپنا غصہ نکالنے لگا۔ میچ کے دوران موجود کیمرہ مین نے احسان خان کے سجدہ اور دھونی کے ننھے فین کی ناراضگی، دونوں ہی لمحات کو بڑی خوبصورت سے اپنے کیمرے میں قید کر لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Sep 2018, 5:26 PM