دھونی کی چنئی سپر کنگس نے ممبئی کو ہرایا، پوائنٹس میں سب سے اوپر
مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا لیکن اس کا آغاز خراب رہا اور اس نے چھ اوور کے پاور پلے میں چار وکٹ صرف 24 رن پر گنوا دیے۔
مہندر سنگھ دھونی کی چنئی سپر کنگس نے آئی پی ایل 2021 کے دوسرے ہاف کے پہلے میچ میں ممبئی انڈینس کو 20 رن سے شکست دے دی ۔ چنئی نے 20 اوور میں 6 وکٹ کے نقصان پر 156 رن بنائے تھے اور ممبئی انڈین اس ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے 8 وکٹ پر 136 رن ہی بنا پائی ۔ اس جیت کے ساتھ چنئی کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں سب سے اوپر ہو گئی ہے۔
چنئی سپر کنگس کے سلامی بلے باز رتو راج گائکواڈ مین آف دی میچ چنے گئے ۔ انہوں نے ٹیم کے لئے اوپننگ کرتے ہوئے 58 گیندوں پر 88 رن بنائے۔ چنئی کے ذریعہ پیش کئے گئے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے ممبئی انڈینس کی چنئی کی طرح شروعات اچھی نہیں رہی اور 40 رن کے اندر ہی تین وکٹ گنوا دئے ۔ چنئی کی جانب سے دیپک چاہر نے ممبئی کو شروعاتی جھٹکے دئے۔
سلامی بلے باز رتوراج گائیکواڈ کی 88 رن کی شاندار اننگز سے چنئی سپر کنگز نے پاور پلے کی لڑکھڑاہٹ سے ابھرتے ہوئے آئی پی ایل کے دوسرے مرحلے کے پہلے مقابلے میں 20 اوورز میں چھ وکٹ پر 156 رن کا چیلنجنگ اسکور بنا یا ۔
چنئی کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا لیکن اس کا آغاز خراب رہا اور اس نے چھ اوور کے پاور پلے میں صرف اپنے چار وکٹ صرف 24 رن تک گنوا دیے لیکن اس کے بعد گائیکواڈ نے رویندرا جڈیجہ کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لئے81 رن کی عمدہ شراکت داری کر کے ٹیم کومشکل سے باہر نکال لیا ۔ انہوں نے پھر ڈوین براوو کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 39 رن جوڑے۔
انہوں نے چوکا مار کر اپنی مسلسل چوتھی نصف سنچری مکمل کی ۔ چنئی نے آخری چار اوورز میں 69 رن بنائے جس سے ان کا اسکور 150 کے پار پہنچ گیا۔
گائیکواڑ نے 58 گیندوں پر 88 رن میں نو چوکے اور چار چھکے لگائے ۔ انہوں نے اننگز کی آخری گیند پر چھکا بھی لگایا ۔ جڈیجہ نے 33 گیندوں پر 26 رن بنائے جبکہ براوو نے آٹھ گیندوں پر 23 رن میں تین چھکے لگائے ۔ براوو نے 19 ویں اوور میں ٹرینٹ بولٹ کی پہلی دو گیندوں پرچھکے لگائے۔
چنئی کی اننگز کے آغاز پر فاف ڈو پلیسی اور معین علی کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے جبکہ امباتی رائیڈو کھاتہ کھولے بغیر ہی ریٹائر ہو گئے ۔ واضح رہے سریش رائنا چار رن اور دھونی تین رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ لیکن اس کے بعد میدان پر رتو راج کا راج چلا اورانہوں نے بہترین اننگز کھیلی اور ٹیم کو لڑنے لائق سکور تک پہنچا دیا ۔ ممبئی کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 35 رن کے پر دو وکٹ اورایڈم ملنے نے 21 رن پردووکٹیں حاصل کیں جبکہ اپنا 100 واں آئی پی ایل میچ کھیل رہے جسپریت بمراہ نے 33 رن پر دو وکٹ حاصل کئے ۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔