کورونا کے سبب ’آئی پی ایل-15‘ رَد ہونے کا خطرہ بڑھا، دہلی کیپٹلز کا پونے دورہ ملتوی
دہلی کیپٹلز ٹیم کا ایک بیرون ملکی کھلاڑی کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا ہے، اس کے بعد اس فرنچائزی کو انڈین پریمیر لیگ کے اپنے آئندہ میچ کے لیے پونے کا سفر ملتوی کرنا پڑا۔
آئی پی ایل-15 میں کورونا کا قہر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ دہلی کیپٹلز کا ایک کھلاڑی کورونا پازیٹو پایا گیا ہے۔ اس کے بعد پوری ٹیم کوارنٹائن ہو گئی ہے۔ دہلی کیپٹلز کے اندر کورونا کا معاملہ سامنے آنے کے بعد پونے کے لیے ٹیم کا آج کا دورہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ایم مودی کو لکھا خط
نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق دہلی کیپٹلز ٹیم کا ایک غیر ملکی کھلاڑی کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا ہے۔ اس کے بعد اس فرنچائزی کو انڈین پریمیر لیگ کے اپنے اگلے میچ کے لیے پونے کا سفر ملتوی کرنا پڑا۔ ٹیم کو بدھ کو پنجاب کنگز کے خلاف میچ کے لیے پونے روانہ ہونا تھا۔ مانا جا رہا ہے کہ آسٹریلیا کے ایک آل راؤنڈر کھلاڑی میں بیماری کی کچھ علامتیں دیکھی گئیں، جس کے بعد ریپڈ انٹیجن جانچ کا نتیجہ پازیٹو آیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ (آر اے ٹی) میں ایک کھلاڑی کے کووڈ-19 سے متاثر پائے جانے کے بعد پوری ٹیم پیر اور منگل کو ہونے والے آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کے سبب کوارنٹائن میں رہے گی۔ دہلی کی ٹیم ممبئی کے تاج محل پیلس ہوٹل میں ٹھہری ہوئی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’’کووڈ ٹیسٹ کرانے کے بعد کھلاڑیوں کی جب تک رپورٹ نہیں آ جائے گی، تب تک انھیں کوارنٹائن میں رہنا ہوگا۔‘‘
اس سے پہلے جمعہ کو ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے کہا کہ دہلی کے فیزیوتھیراپسٹ پیٹرک فرہارٹ کووڈ-19 سے متاثر پائے گئے تھے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’دہلی کیپٹلز کے فیزیو پیٹرک فرہارٹ کووڈ-19 سے متاثر پائے جانے کے بعد وہ ڈی سی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ہیں۔‘‘
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹیم کے اگلے میچ کے لیے بی سی سی آئی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے، خاص کر پنجاب کے خلاف ان کے میچ پر جو بدھ کو ایم سی اے اسٹیڈیم میں ہونے والا ہے۔ آئی پی ایل کے پوائنٹس ٹیبل میں رشبھ پنت کی قیادت والی ٹیم پانچ میچوں میں ملی تین شکست کے ساتھ آٹھویں مقام پر ہے اور ہفتہ کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں رائل چیلنجرس بنگلور (آر سی بی) سے اپنا میچ 16 رن سے ہار گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔