ہندوستان کو اس کے گھر میں شکست دینا ایشیز جیتنے سے زیادہ مشکل: سوان

سوان نے کہا کہ اب انگلینڈ کی ٹیم کی کارکردگی کا فیصلہ ایشیز سے نہیں کیا جاسکتا۔ انگلینڈ کو اب ایشیز سے ہٹ کر سوچنا چاہئے کیونکہ آسٹریلیا اب دنیا کی بہترین ٹیم نہیں ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لندن: انگلینڈ کی ٹیم فروری میں ہندوستان کے دورے پر آنے والی ہے اور 5 فروری سے دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔ اس دوران انگلینڈ کے سابق آف اسپنر گریم سوان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہندوستان کو اب اس کے گھر میں شکست دینا ایشیز جیتنے سے کہیں زیادہ مشکل ہے۔

سوان نے کہا کہ اب انگلینڈ کی ٹیم کی کارکردگی کا فیصلہ ایشیز سے نہیں کیا جاسکتا۔ انگلینڈ کو اب ایشیز سے ہٹ کر سوچنا چاہئے کیونکہ آسٹریلیا اب دنیا کی بہترین ٹیم نہیں ہے۔ ہندوستان نے حال ہی میں آسٹریلیا کو اسی کے گھر میں چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 1-2 سے شکست دے کر آسٹریلیا میں مسلسل دوسری مرتبہ ٹسٹ سیریز جیتی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کے حالیہ کارکردگی کے مدنظر اسے اس کے گھر میں ہرانا ایک بڑی کامیابی ہوگی۔ ہندوستان کے اسپن حملے کا سامنا کرنے کے لئے انگلینڈ کو صحیح حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے۔


گریم سوان نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ اگر آپ دنیا کی بہترین ٹیم بننا چاہتے ہیں، تو بن کر دکھائیں، صرف آسٹریلیا کو شکست دینے کی کوشش نہ کریں۔ ہمیں ایشز سیریز کے بارے میں سوچنا چھوڑنا ہوگا جو انگلینڈ کی ایک ذہنیت ہے۔ اب آسٹریلیا دنیا کی بہترین ٹیم نہیں ہے۔ اس کے لئے، آسٹریلیا نے بھی بہت محنت کی اور مستقل کوشش کرتی رہی۔ میرے خیال میں ٹیم انڈیا کو ہندوستان میں شکست دینا ایک بڑی بات ہے۔ ہندوستانی ٹیم گزشتہ آٹھ سال سے اپنے ملک میں انگلینڈ سے نہیں ہاری ہے۔ ہم نے انھیں 2012 میں شکست دی تھی۔ ہم ہندوستان کوتب تک شکست نہیں دے پائیں گے جب تک اسپنر وکٹیں حاصل نہیں کریں گے۔

سوان نے 2012 میں ہندوستان کے خلاف 1-2 سے جیتنے والی ٹیسٹ سیریز کے بارے میں کہا کہ اس وقت ہمارے پاس کیون پیٹرسن جیسا بہترین بلے باز تھا۔ وہ بہت زیادہ جارح تھے۔ تب سے ہم نے اب تک ہندوستان کو نہیں ہرایا ہے۔ ہم نے یہ نہیں سیکھا کہ پیٹرسن نے اس دورے پر کیسی بلے بازی کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔