عالمی کپ: نیوزی لینڈ کی لگاتار دوسری جیت، نیدرلینڈس کو بہ آسانی 99 رنوں سے دی شکست
نیوزی لینڈ نے 50 اوورس میں 7 وکٹ کے نقصان پر 322 رن بنائے تھے، جواب میں نیدرلینڈس کی پوری ٹیم 46.3 اوورس میں 223 رن بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
عالمی کپ میں آج نیوزی لینڈ کا مقابلہ نیدرلینڈس سے تھا جسے پچھلے عالمی کپ کی نائب فاتح ٹیم نے بہ آسانی 99 رنوں سے جیت لیا۔ نیدرلینڈس کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈس ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پچھلے میچ میں دفاعی چمپئن انگلینڈ کو 9 وکٹ سے شکست دینے والے نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے آج ایک بار پھر بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ حالانکہ پچھلے میچ میں ناٹ آؤٹ 152 رن بنانے والے ڈیوون کانوے محض 32 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے، لیکن وِل ینگ نے شاندار 70 رنوں کی اننگ کھیلی۔ پچھلے میچ کے دوسرے سنچری میکر رچن رویندر نے بھی آج اچھی بلے بازی کی اور 51 رن کے اسکور پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔
نیوزی لینڈ کے لیے گلین فلپس (4 رن) اور مارک چیپمین (5 رن) کے علاوہ باقی سبھی بلے بازوں نے ٹیم کے لیے قابل قدر تعاون پیش کیا۔ ڈیرل مشیل نے 48 رن، کپتان ٹام لیتھم نے 53 رن اور مشیل سینٹنر نے 17 گیندوں پر تیز طرار ناٹ آؤٹ 36 رنوں کا تعاون کیا۔ میٹ ہنری نے بھی 4 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 10 رن بنائے۔ اس طرح نیوزی لینڈ کی ٹیم 50 اوورس میں 7 وکٹ کے نقصان پر 322 رن بنانے میں کامیاب ہو گئی۔
نیدرلینڈس کی جانب سے گیندبازی کچھ خاص نہیں رہی، لیکن کچھ گیندبازوں نے متاثر ضرور کیا۔ آرین دَت (10 اوورس میں 62 رن)، پال میکیرین (9 اوورس میں 59 رن) اور رولوف وَن ڈر مرو (9 اوورس میں 56 رن) کو 2-2 وکٹیں حاصل ہوئیں۔ 1 وکٹ باس ڈی لیڈ کو ملا جنھوں نے 10 اوورس میں 64 رن خرچ کیے۔
جب نیدرلینڈس کی بلے بازی شروع ہوئی تو رنوں کی رفتار بہت دھیمی تھی۔ 10 اوورس میں محض 35 رن بنے اور ایک وکٹ بھی گر گیا۔ وکرم جیت سنگھ محض 12 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دوسرے سلامی بلے باز میکس اوڈاؤڈ بھی کچھ خاص نہیں کر سکے اور 16 رن ہی بنا سکے۔ کولن آکرمین کی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے مشکل وقت میں بلے بازی کرتے ہوئے 73 گیندوں پر 69 رنوں کا تعاون پیش کیا۔ ان کے بعد آنے والے بلے بازوں کو شروعات تو ملی، لیکن کوئی بھی بڑا اسکور نہیں بنا سکا۔ باس ڈی لیڈ 18 رن، تیجا ندامنورو 21 رن، کپتان اسکاٹ ایڈوارڈس 30 رن، سبرانڈ اینگلبریٹ 29 رن اور آرین دَت 11 رن ہی بنا سکے۔ پوری ٹیم 46.3 اوورس میں 223 رن ہی بنا سکی اور پویلین لوٹ گئی۔ نیدرلینڈس کی بلے بازی پاکستان کے خلاف کی گئی بلے بازی سے کچھ بہتر ضرور رہی، لیکن یہ جیت کے لیے کافی نہیں تھی۔ نیدرلینڈس کو آج 99 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جو کہ عالمی کپ ٹورنامنٹ میں اس کی لگاتار دوسری شکست ہے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے مشیل سینٹنر سب سے کامیاب رہے جنھوں نے 10 اوورس میں 59 رن ضرور دیے، لیکن 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انھیں بہترین گیندبازی اور تیز طرار ناٹ آؤٹ 36 رن کے لیے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ میٹر ہنری نے 8.3 اوورس میں 40 رن دے کر 3 وکٹ لیے، جبکہ رچن رویندر نے 10 اوورس میں 46 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ ٹرینٹ بولٹ (8 اوورس میں 34 رن) اور لاکی فرگوسن (8 اوورس میں 32 رن) نے اچھی گیندبازی کی لیکن انھیں کوئی وکٹ نہیں ملا۔ گلین فلپس نے بھی 2 اوورس کی گیندبازی کی جس میں 11 رن دیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔