گوتم گمبھیر اور اجیت اگرکر کی پریس کانفرنس سے کرکٹ شیدائیوں کو ملے 6 اہم سوالوں کے جواب
ہندوستانی ٹیم کے سری لنکا دورہ سے قبل آج نومنتخب ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے پریس کانفرنس کی جس میں کئی اہم سوالوں کے جواب دیے۔
ہندوستانی ٹیم کے سری لنکا دورہ سے قبل آج نومنتخب ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے پریس کانفرنس کی جس میں کئی اہم سوالوں کے جواب دیے۔ وراٹ کوہلی، ہاردک پانڈیا، روہت شرما سمیت آگے کے منصوبوں کے بارے میں بھی گمبھیر اور اگرکر نے کھل کر اپنی بات رکھی۔ اس پریس کانفرنس میں 6 ایسے بڑے سوالوں کے جواب بھی کرکٹ شیدائیوں کو مل گئے جو گزشتہ کچھ دنوں سے ان کے ذہن میں گردش کر رہے تھے۔ آئیے جانتے ہیں وہ سوال کون ہیں اور اس کے جواب کیا ہیں۔
1. 2027 عالمی کپ کا حصہ ہو سکتے ہیں روہت-وراٹ
کئی لوگوں کے ذہن میں یہ سوال تھا کہ کیا روہت شرما اور وراٹ کوہلی یک روزہ عالمی کپ 2027 کا حصہ ہوں گے؟ اس معاملے میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ ’’دونوں اب بھی عالمی سطح کے کھلاڑی ہیں، کوئی بھی ٹیم ان دونوں کو اپنے ساتھ رکھنا چاہے گی۔‘‘ انھوں نے کہا کہ دونوں میں ابھی بہت کرکٹ باقی ہے، دونوں نے دکھایا ہے کہ وہ بڑے پلیٹ فارم پر کیا کر سکتے ہیں۔ اگر انھوں نے اپنی فٹ نس برقرار رکھی تو چمپئنز ٹرافی اور پھر 2027 عالمی کپ بھی کھیل سکتے ہیں۔
2. رویندر جڈیجہ کو سری لنکا دورہ سے ڈراپ نہیں کیا گیا
ہندوستانی ٹیم کے چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے پریس کانفرنس میں اس بات کو سرے سے مسترد کر دیا کہ سری لنکا میں کھیلے جانے والے یک روزہ میچوں کی سیریز سے رویندر جڈیجہ کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جڈیجہ کو آرام دیا گیا ہے تاکہ وہ آنے والے میچوں میں اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ میدان میں اتر سکیں۔ گوتم گمبھیر نے اس معاملے میں کہا کہ سری لنکا دورہ کے بعد 10 ٹیسٹ میچ کھیلے جانے ہیں اور وہ سبھی ٹیسٹ ہمارے لیے چیلنجز کی طرح ہوں گے، جس میں ہمیں اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنی ہے۔ جڈیجہ ان 10 میچوں میں اہم کردار نبھا سکتے ہیں۔ ہمیں ان کی بہترین کارکردگی دیکھنے کا انتظار رہے گا۔
3. ہاردک پانڈیا کی فٹ نس بنی دشمن:
ہاردک پانڈیا کو سری لنکا دورہ میں ٹی-20 فارمیٹ میں ہندوستانی ٹیم کا نہ ہی کپتان بنایا گیا ہے اور نہ ہی نائب کپتان۔ دراصل ان کی فٹ نس دشمن ثابت ہوئی ہے۔ پریس کانفرنس میں اجیت اگرکر نے اس سلسلے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے کپتان کا فیصلہ کرتے وقت ذہن میں تھا کہ ہم اسے کپتان بنائیں جو ہندوستانی ٹیم کے لیے آنے والے وقت میں تقریباً سبھی میچ کھیلے۔ پانڈیا اب بھی ہمارے لیے سب سے اہم کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ ایسے کھلاڑی بنیں جو وہ بن سکتے ہیں۔ جو ہنر ان کے پاس ہے، اسے تلاش کرنا بے حد مشکل ہے۔ حالانکہ ان کے لیے فٹنس واقعی چیلنج بھرا رہا ہے۔ ایسے میں کوچ، سلیکٹر اور ٹیم مینجمنٹ کے لیے تھوڑا مشکل ہو جاتا ہے۔
4. محمد سمیع کی بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے ہو سکتی ہے واپسی:
تیز گیندباز محمد سمیع کی کرکٹ میدان میں واپسی کا انتظار شیدائیوں کو بے صبری کے ساتھ ہے۔ اس معاملے میں جب سوال کیا گیا تو چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے کہا کہ اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو 19 ستمبر سے بنگلہ دیش کے خلاف شروع ہو رہی 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں محمد سمیع ہندوستانی ٹیم کا حصہ ہو سکتے ہیں۔ اگرکر نے کہا کہ محمد سمیع نے گیندبازی شروع کر دی ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے وہ واپسی کر سکتے ہیں، حالانکہ اس پر آخری فیصلہ پوری طرح سے این سی اے کی طرف سے انھیں کلین چٹ ملنے کے بعد ہی لیا جائے گا۔
5. سوریہ کمار یادو صرف ٹی-20 کرکٹ کا ہوں گے حصہ
طوفانی بلے باز سوریہ کمار یادو ہندوستان کی ٹی-20 ٹیم کا کپتان بن گئے ہیں۔ ان سے ٹیم کے نئے کوچ گوتم گمبھیر اور چیف سلیکٹر اجیت اگرکر کو بہت امیدیں ہیں۔ لیکن وہ ہندوستان کی صرف ٹی-20 ٹیم میں ہی فِٹ بیٹھتے نظر آ رہے ہیں۔ آج ہوئی پریس کانفرنس میں یہ ظاہر کر دیا گیا کہ وہ ٹی-20 کرکٹ کے ٹاپ کھلاڑی ہیں اور انھیں اسی فارمیٹ پر توجہ دینی چاہیے۔
6. شبھمن گل تینوں فارمیٹ کے کھلاڑی ہیں
شبھمن گل کو ہندوستان کی ٹی-20 ٹیم کے ساتھ ساتھ وَنڈے ٹیم کا بھی نائب کپتان بنایا گیا ہے۔ کئی لوگ اس معاملے میں سوال اٹھا رہے ہیں، لیکن آج پریس کانفرنس میں صاف طور پر کہہ دیا گیا کہ شبھمن گل تینوں فارمیٹ کے کھلاڑی ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ ان کی صلاحیت میں مزید نکھار پیدا ہوگی۔ ظاہر ہے اس طرح آئندہ شبھمن گل کے ٹی-20، وَنڈے اور ٹیسٹ تینوں ہی ٹیم میں شامل کیے جانے کی وضاحت ہو جاتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔