عالمی کپ کا ٹکٹ حاصل کرنے میں کرکٹ شیدائیوں کو ہو رہی پریشانی، آفیشیل ویب سائٹ بار بار ہو رہا کریش!

بی سی سی آئی کے ذریعہ طے اصولوں کے تحت الگ الگ تاریخوں میں الگ الگ میچوں کے ٹکٹ مل رہے ہیں، ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 14 اکتوبر کو ہونے والے میچ کو لے کر ناظرین میں زبردست جوش ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ورلڈ کپ، تصویر بشکریہ @cricketworldcup</p></div>

ورلڈ کپ، تصویر بشکریہ @cricketworldcup

user

قومی آواز بیورو

ایک طرف آج ایشیا کپ کا افتتاح پاکستان بمقابلہ نیپال میچ سے ہو گیا ہے، اور دوسری طرف ہندوستان میں 5 اکتوبر سے ہونے والے عالمی کپ ٹورنامنٹ کے لیے ٹکٹ کی بکری بھی جاری ہے۔ بی سی سی آئی کے ذریعہ طے کردہ اصولوں کے مطابق الگ الگ تاریخوں پر الگ الگ میچوں کے ٹکٹ مل رہے ہیں۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 14 اکتوبر کو ہونے والے میچ کو لے کر ناظرین میں سب سے زیادہ جوش ہے۔ اس میچ کے ٹکٹ کچھ ہی دیر میں فروخت ہو گئے۔ حالانکہ یہ صرف پہلا راؤنڈ ہے اور ناظرین کو دوسرے راؤنڈ میں ٹکٹ خریدنے کا موقع ملے گا۔

اس درمیان خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ٹکٹ خریدنے کا کرکٹ شیدائیوں کا تجربہ کچھ زیادہ اچھا نہیں رہا۔ لگاتار ویب سائٹ کریش ہونے سے وہ کافی پریشان ہوئے۔ یک روزہ عالمی کپ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا عمل جمعہ یعنی 25 اگست سے شروع ہوا تھا۔ پہلے دن شروعاتی کچھ گھنٹے کرکٹ شیدائیوں کے لیے پریشان کن رہے کیونکہ ٹکٹ فروخت کرنے کے لیے طے کردہ آفیشیل ویب سائٹ شروع ہوتے ہی ٹھپ ہو گئی۔ ویب سائٹ 35 سے 40 منٹ تک کام نہیں کرنے کے سبب کرکٹ شائقین کو ٹکٹ بک کرنے میں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ صورت حال اب بھی برقرار ہے۔ یعنی اب بھی کرکٹ شیدائیوں کو ٹکٹ بکنگ کے وقت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔


کرکٹ شیدائی ویب سائٹ کے لگاتار کریش ہونے سے پریشان ہیں۔ ہندوستان اور پاکستان کے میچ کا ٹکٹ خریدنے میں بھی ناظرین کو بے انتہا پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انھوں نے سوشل میڈیا پر اپنا غصہ ظاہر بھی کیا۔ ٹکٹ بکنگ کرنے میں پریشانی ہونے کے بعد کرکٹ شائقین نے آئی سی سی، بی سی سی آئی کو ٹیگ کر کے ٹوئٹ کیے اور ٹکٹ نہیں ملنے پر ناراضگی ظاہر کی۔

واضح رہے کہ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہونے والے ہند-پاک مقابلے کے لیے اب 3 ستمبر کو دوسرے راؤنڈ کی بکنگ ہوگی۔ اس دوران کرکٹ شائقین کے پاس بچے ہوئے ٹکٹ خریدنے کا موقع رہے گا۔ اس بات کی جانکاری نہیں مل پائی ہے کہ ہندوستان کے مقابلوں کے لیے کتنے ٹکٹ آن لائن فروخت کے لیے رکھے گئے تھے، اور کتنے ٹکٹ دوسرے راؤنڈ کے لیے مختص ہیں۔ 29 اگست کو ہندوستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے جب ہند-پاک مقابلے کے لیے پہلے راؤنڈ میں ٹکٹ کی بکری شروع ہوئی تو ایک گھنٹے کے اندر ہی سبھی ٹکٹ فروخت ہو گئے تھے۔


خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے بی سی سی آئی کے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ منگل کے روز صرف ان کرکٹ شائقین کو ٹکٹ ملے جن کے پاس ماسٹر کارڈ ہے۔ ایک کرکٹ شیدائی کو صرف دو ٹکٹ خریدنے کی ہی اجازت تھی۔ ٹکٹ فروختگی کا عمل شروع ہونے کے ایک گھنٹے کے اندر سبھی ٹکٹ فروخت ہو گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔