آئی پی ایل کے 13ویں سیزن پر ’کورونا‘ کے ’بادل‘، ٹورنامنٹ 15 دنوں کے لئے مؤخر
آئی پی ایل کا 13واں سیزن 29 مارچ سے شروع نہیں ہوگا۔ بورڈ آف کنٹرول برائے کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے کورونا وائرس کے خطرہ کے سبب ٹورنامنٹ 15 اپریل تک ملتوی کردیا ہے
نئی دہلی: انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کا 13واں سیزن اب 29 مارچ سے شروع نہیں ہو پائے گا۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے کورونا وائرس کے خطرہ کے سبب ٹورنامنٹ 15 اپریل تک مؤخر کر دیا ہے۔ آئی پی ایل کا پہلا مقابلہ 29 مارچ کو ممبئی انڈینز اور چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے مابین ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا۔ اب 15 اپریل تک آئی پی ایل کا آغاز نہیں ہوگا۔
اس سے پہلے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر دہلی حکومت نے آئی پی ایل سمیت تمام کھیلوں کے دہلی میں انعقاد پر پابندی عائد کر دی تھی۔ دہلی کے نائب وزیراعلی اور وزیر تعلیم منیش سسودیا نے پریس کانفرنس میں کہا،’’دہلی حکومت نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کےلئے آئی پی ایل سمیت سبھی کھیل،بڑے سیمینار،کانفرنس وغیرہ کے انعقاد پر پابندی لگا دی ہے۔‘‘
سسودیا نے کہا، ’’سبھی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اپنے علاقوں میں کورونا وائرس سے متعلق احکامات پر عمل کی نگرانی کریں گے۔ہم سبھی کو مل کر اس خطرناک وائرس کو پھیلنےسے روکنا ہے۔‘‘
انہوں نے کہاکہ حکومت نے طے کیا ہے کہ دہلی میں ہونےوالے آئی پی ایل میچ پر پابندی لگائیں گے جہاں لو گ ہزاروں کی تعداد میں میچ دیکھنے آتے ہیں۔کورونا کے خطرے کے پیش نظر لوگوں کو ایسے انعقاد والے مقامات پر جمع ہونے سے روکنا ضروری ہے۔آئی پی ایل 29مارچ سے شروع ہونا ہے۔
دہلی حکومت نے اس سے پہلے جمعرات کو کورونا وائرس کو وبا قرار دیتے ہوئے سبھی سنیما گھر،اسکول اور کالجوں کو 31مارچ تک بند کرنے کا حکومت دیاتھا۔حالانکہ جن اسکولوں میں امتحانات چل رہےہیں وہ بند نہیں کئے جائیں گے ۔
اس کے علاوہ حکومت نے سبھی عام سویمنگ پول کو 31مارچ تک بند کرنے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ سبھی سرکاری ،نجی دفتروں اور عام مقامات کو وائرس سے بچانے کے قدامات کئےجائیں گے۔اسپتالوں میں اس کے پیش نظر پوری تیاری کرلی گئی ہے اور 500زیادہ بستروں کا خصوصی طورپر انتظام کیاگیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے انفیکشن میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 73ہوگئی ہے۔وزیراعظم نریندرمودی نے کورونا وائرس سے خوف زدہ نہ ہونے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت سبھی احتیاطی اقدامات کررہی ہے،اس سے ڈرنے کی ضروری نہیں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔