چیتن شرما سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین بننے کی دوڑ میں سب سے آگے
چیتن شرما دوبارہ سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین بننے کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔ یہی نہیں سلیکشن کمیٹی کے سینٹرل زون کے رکن ہرویندر سنگھ کے عہدے کی میعاد میں توسیع ہوسکتی ہے۔
نئی دہلی: اشوک ملہوترا، سلکشنا نائک اور جتن پرانجپے پر مشتمل کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی (سی اے سی) کی نئی قومی سلیکشن کمیٹی کے لیے ممکنہ امیدواروں کے انٹرویو کے لیے 29 دسمبر کو ممبئی میں میٹنگ ہونے کا امکان ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ بی سی سی آئی انٹرویو کے لیے ناموں کو شارٹ لسٹ کرنے کے عمل میں ہے اور پچھلی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین چیتن شرما کے سینٹرل زون کے ساتھی ہرویندر سنگھ کے ساتھ اس فہرست میں شامل ہونے کا قوی امکان ہے۔
چیتن شرما دوبارہ سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین بننے کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔ یہی نہیں سلیکشن کمیٹی کے سینٹرل زون کے رکن ہرویندر سنگھ کے عہدے کی میعاد میں توسیع ہوسکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ کی جانب سے نئے سلیکشن کمیٹی کے لئے تشکیل کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی (سی اے سی) نے انٹرویو کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے ناموں میں چیتن شرما اور ہرویندر سنگھ کو بھی شامل کیا ہے۔ سی اے سی اشوک ملہوترا، سلکشن نائک اور جتن پرانجپے شامل ہیں ۔ سی اے سی کی میٹنگ 29 دسمبر کو ممبئی میں ہوگی اور شارٹ لسٹ کیے گئے ناموں کا انٹرویو کیا جائے گا۔
بی سی سی آئی سے سلیکشن کمیٹی کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ 28 نومبر تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیتن شرما اور ہرویندر سنگھ سمیت کل 60 نئی درخواستیں موصول ہوئیں۔ چیتن شرما کو نارتھ زون سے موقع مل سکتا ہے۔ نارتھ زون سے چیتن کے علاوہ اجے رتڑا، اتلواسن اور نکھل چوپڑا نے درخواست دی ہے۔ دوسری طرف، ہرویندر سنگھ کے علاوہ، گیانیندر پانڈے نے سینٹرل زون سے دعویٰ پیش کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق چیتن اور ہرویندر کا مضبوط دعویٰ ہے کیونکہ ان دونوں نے بی سی سی کے حکام کی رضامندی کے بغیر دوبارہ درخواست نہیں دی ہے۔ انہیں بی سی سی آئی سے گرین سگنل مل گیا ہے، اسی لیے انہوں نے درخواست دی ہے۔
ان دونوں کے علاوہ تجربہ کار اسپنر سنیل جوشی اور سابق تیز گیند باز دیوایش موہنتی بھی برطرف سلیکشن کمیٹی میں شامل تھے۔ جوشی اور موہنتی نے دوبارہ درخواست نہیں دی ہے۔ دریں اثنا، سمجھا جاتا ہے کہ چیتن اور ان کی کمیٹی کو مزید ایک ہفتے کی توسیع دی گئی ہے۔ اس دوران انہیں رنجی ٹرافی کے میچوں پر نظر رکھنے کو کہا گیا ہے۔ چیتن اور اس کے ساتھی ہرویندر تمل ناڈو کے خلاف گھریلو ٹیم کا میچ دیکھنے کے لیے دہلی میں تھے، جب کہ سنیل جوشی آسام اور حیدرآباد کے درمیان میچ دیکھنے کے لیے حیدرآباد میں تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔