فٹ ہونے کے باوجود سری لنکا کے خلاف منتخب ہندوستانی ٹیم میں بمراہ اور جڈیجہ کو کیوں نہیں ملی جگہ؟
بمراہ اور جڈیجہ کو سری لنکا کے خلاف کھیلنے کا موقع نہیں ملا، ساتھ ہی بنگلہ دیش میں ہوئے وَنڈے سیریز سے آرام ملنے کے بعد اب پنت کو نہ تو ٹی-20 ٹیم میں شامل کیا گیا اور نہ ہی وَنڈے ٹیم میں۔
ہندوستان کا گھریلو سیشن سری لنکا کے خلاف 3 جنوری سے 3 میچوں کی ٹی-20 بین الاقوامی سیریز کے ساتھ شروع ہو رہا ہے۔ لیکن ٹی-20 اور وَنڈے ٹیموں میں جسپریت بمراہ، رویندر جڈیجہ اور رشبھ پنت کا کہیں نام نہیں ہے۔ ٹی-20 سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کی قیادت ہاردک پانڈیا کو سونپی گئی ہے۔ سوریہ کمار یادو کو ان کا نائب مقرر کیا گیا ہے۔ یک روزہ سیریز میں مستقل کپتان روہت شرما اپنی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
روہت کی طرح وراٹ کوہلی اور کے ایل راہل بھی ٹی-20 بین الاقوامی سیریز کا حصہ نہیں ہیں۔ اتنا ہی نہیں، بنگلہ دیش میں تین میچوں کی وَنڈے سیریز میں صرف 18 رن بنانے والے شکھر دھون کو بھی وَنڈے ٹیم میں جگہ نہیں مل پائی ہے۔ بنگلہ دیش میں ہوئی وَنڈے سیریز سے آرام ملنے کے بعد اب رشبھ پنت کو نہ تو ٹی-20 اور نہ ہی وَنڈے ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔ حالانکہ پنت نے ٹیسٹ سیریز میں واپسی کرتے ہوئے میر پور کی جیت میں اہم تعاون بھی کیا تھا۔ انھوں نے پہلی اننگ میں بیش قیمتی 93 رن بنائے تھے۔
ای ایس پی این کرک اِنفو کی ایک رپورٹ کے مطابق بمراہ اور جڈیجہ سری لنکا سیریز کے لیے فٹ تھے، لیکن منگل کی دیر شب ٹیم کا اعلان کرتے وقت یہ فیصلہ کیا گیا کہ انھیں ٹیم میں لانے کی جلدبازی نہیں کی جائے گی۔ دونوں کرکٹر طویل وقت سے میدان سے باہر رہے ہیں۔ چیتن شرما کی صدارت میں ہوئی میٹنگ کے بعد بی سی سی آئی کی پریس ریلیز میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کون سے کھلاڑی زخمی ہیں اور کن کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا یا باہر کیا گیا ہے۔
بہر حال، کے ایل راہل وَنڈے ٹیم کا حصہ ہیں لیکن انھیں نائب کپتان نہیں بنایا گیا ہے۔ یہ ذمہ داری اب ہاردک پانڈیا کو دی گئی ہے۔ جولائی میں انگلینڈ کے دورے کے بعد سے ہاردک اپنی پہلی وَنڈے سیریز میں نائب کپتان کی شکل میں ذمہ داری سنبھالیں گے۔ حالانکہ انگوٹھے کی چوٹ کے سبب روہت کے باہر ہونے کے بعد راہل نے حال ہی میں بنگلہ دیش میں آخری یک روزہ میچ اور 2 ٹیسٹ میچ میں کپتانی کی تھی۔ تینوں ہی میچ میں ہندوستان فتحیاب ہوئی تھی، حالانکہ کے ایل راہل کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی۔
بہرحال، رویندر جڈیجہ کی ریکوری میں امید سے زیادہ وقت لگ رہا ہے۔ جڈیجہ کو اس دورے پر کسی بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے کیونکہ وہ گھٹنے کی چوٹ سے بہت دھیرے دھیرے ٹھیک ہو رہے ہیں۔ وہ آخری بار اگست-ستمبر میں یو اے ای میں ہوئے ایشیا کپ میں ہندوستان کے لیے کھیلے تھے اور بعد میں ان کا آپریشن ہوا تھا۔ بنگلہ دیش دورہ کے لیے جڈیجہ کو پہلے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، لیکن بعد میں این سی اے کے میڈیکل اسٹاف کے ذریعہ ’پوری طرح سے فٹ نہیں‘ بتائے جانے کے بعد انھیں باہر کر دیا گیا تھا۔
ای ایس پی این کرک اِنفو کا کہنا ہے کہ جڈیجہ کی ریکوری میں امید سے زیادہ وقت لگ رہا ہے جب کہ ان کی واپسی کی ایک مقررہ تاریخ نہیں بتائی جا سکتی۔ ٹیم انھیں آسٹریلیا کے خلاف فروری میں شروع ہونے والی چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے واپس لانا چاہتی ہے۔ اس سیریز سے پہلے جڈیجہ ایک رنجی ٹرافی میچ بھی کھیل سکتے ہیں۔
سری لنکا کے خلاف ٹی-20 اور وَنڈے سیریز کے لیے منتخب ہندوستانی ٹیموں میں رشبھ پنت کا بھی ذکر نہیں ہے۔ لیکن بتایا جاتا ہے کہ بائیں ہاتھ کے وکٹ کیپر بلے باز کو بنگلورو میں واقع این سی اے میں اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کے لیے بھیجا گیا ہے تاکہ وہ آسٹریلیا کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے تیار ہو سکیں۔
سری لنکا کے خلاف ٹی-20 بین الاقوامی سیریز کے لیے سلیکٹرس نے نوجوان تیز گیندبازوں میں اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ٹی-20 عالمی کپ 2022 میں کھیلنے والے بھونیشور کمار اور محمد سمیع دونوں ٹی-20 ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ حالانکہ سمیع جون-جولائی کے انگلینڈ دورے کے بعد پہلی بار وَنڈے ٹیم میں واپس آئے ہیں۔
گزشتہ ہفتے ہوئی آئی پی ایل 2023 کی نیلامی میں بڑی رقم حاصل کرنے کے بعد اتر پردیش کے شیوم ماوی اور بنگال کے مکیش کمار کو پہلی بار ٹی-20 بین الاقوامی ٹیم سے بلاوا آیا ہے۔ حال ہی میں کھیلی گئی سید مشتاق علی ٹرافی میں ماوی نے 7 میچوں میں 6.64 کی اکونومی سے 10 وکٹ اور مکیش نے 6 میچوں میں 7.04 کی اکونومی سے 6 وکٹ اپنے نام کیے تھے۔
ٹی-20 ٹیم میں ہرشل پٹیل اور عمران ملک کو شامل کیا گیا ہے۔ ای ایس پی این کرک اِنفو کو پتہ چلا ہے کہ نیوزی لینڈ دورے سے واپس آنے کے بعد ہرشل کو کووڈ ہو گیا تھا اور اس وجہ سے انھیں رنجی ٹرافی کے پہلے دو میچوں سے آرام دیا گیا تھا۔ سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ سے پہلے انھیں فٹ نس سے متعلق منظوری دی گئی۔
نیوزی لینڈ کے حالیہ دورے پر ڈیبیو کرنے کے بعد بنگلہ دیش دورے سے باہر رہے عرشدیپ سنگھ وَنڈے ٹیم میں لوٹ آئے ہیں۔ نیوزی لینڈ میں کھیلے گئے دو میچوں میں خالی ہاتھ لوٹنے کے بعد انھیں اب بھی اپنے پہلے وَنڈے وکٹ کی تلاش ہے۔ بنگلہ دیش وَنڈے سیریز میں ایک بھی میچ نہیں کھیلنے کے باوجود مڈل آرڈر بلے باز رجت پاٹیدار اور آل راؤنڈر شہباز احمد اس سیریز کے لیے وَنڈے ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ ہیمسٹرنگ کی چوٹ کے سبب بنگلہ دیش دورے سے باہر ہوئے دیپک چاہر سری لنکا کے خلاف کسی بھی سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔
عالمی کپ والے سال کی شروعات ہندوستان گھر پر سری لنکا کے خلاف ممبئی (3 جنوری)، پونے (5 جنوری) اور راجکوٹ (7 جنوری) میں کھیلے جانے والے تین ٹی-20 بین الاقوامی میچوں کے ساتھ کرے گا۔ اس کے فوراً بعد گواہاٹی (10 جنوری)، کولکاتا (12 جنوری) اور تروونت پورم (15 جنوری) میں تین یک روزہ میچ کھیلے جائیں گے۔ آئی پی ایل سے پہلے ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی میزبانی بھی کرے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔