تاج محل کے دیدار کے لئے رات بھر کروٹیں بدلتے رہے برائن لارا
تاج محل کا نام دنیا کے سات عجوبوں میں یوْں ہی شامل نہیں ہے۔ اس کی وجہ اس کی بے مثال خوبصورتی ہے۔ دودھ سی سفیدی میں نہائی ہوئی اس عمارت میں ایک کشش ہے جو لوگوں کو اپنا دیوانہ بنا دیتی ہے
آگرہ: تاج محل کا نام دنیا کے سات عجوبوں میں یوْں ہی شامل نہیں ہے۔ اس کی وجہ اس کی بے مثال خوبصورتی ہے۔ دودھ سی سفیدی میں نہائی ہوئی اس عمارت میں ایک کشش ہے جو لوگوں کو اپنا دیوانہ بنا دیتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ نہ صرف عام لوگ بلکہ دنیا بھر کی ہر مشہور شخصیت تاج محل کو ایک بار ضرور دیکھنا چاہتی ہے لیکن کرکٹ شائقین کے ہیرو اور ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا کو تاج محل کی خوبصورتی دیکھنے کے لیے ایک رات کا انتظاربھی صدیوں کے برابر لگا۔ انہوں نےاتوار کو آگرہ کے ایک ہوٹل میں پوری رات کروٹیں بدلتے ہوئے گزاری اور صبح ہوتے ہی تاج محل کی خوبصورتی دیکھنے چلے گئے۔
برائن لارا صبح تقریباً پونے سات بجے تاج کمپلیکس پہنچے، تقریباً ڈھائی گھنٹے تک وہاں رہے اور تاج محل کی خوبصورتی کو سراہتے رہے۔ اس دوران انہوں نے نہ صرف تاج کی تعمیر اور گرافٹنگ کے بارے میں معلومات حاصل کیں بلکہ مغل بادشاہ شاہ جہاں اور اس کی اہلیہ ممتاز محل کی محبت کے بارے میں بھی جانکاری لی۔
دراصل برائن لارا اتوار کی شام آگرہ پہنچے تھے۔ جب تک وہ تاج محل تک پہنچ پاتے۔ عمارت کے بند ہونے کا وقت ہوگیا تھا۔ اس سے مایوس ہو کر لارا ایک بار واپس جانے کا سوچنے لگےلیکن تاج محل دیکھنے کی خواہش نے انہیں رکنے پر مجبور کر دیا۔ ساری رات انتظار کرنے کے بعد لارا صبح سویرے تاج محل پہنچ گئے۔
انہوں نے پیلی ٹی شرٹ کے ساتھ کالی ٹوپی، سیاہ پتلون پہن رکھی تھی، چہرے پر ماسک بھی تھا۔ صبح کے عمارت میں زیادہ سیاح نہیں تھے۔ انہوں نے عام سیاحوں کی طرح تاج محل کی سیر کی۔ سیکیورٹی اہلکاروں اور سیاحوں کی درخواست پر فوٹو بھی کھنچوائے۔
اپنی بلے بازی سے دنیا کو دیوانہ بنانے والے برائن لارا نے اس دوران بتایا کہ وہ قبل ازیں 1984 میں تاج محل دیکھنے آئے تھے۔ اس وقت وہ بہت چھوٹے تھے۔ اس بار تاج محل کافی اچھا لگا۔ یہ ایک عجوبہ ہے۔ دیکھ بھال پہلے سے بھی بہتر ہوگئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔