ٹی-20 عالمی کپ کے بعد بریٹ لی نے منتخب کی اپنی پلیئنگ الیون، ٹیم میں 4 ہندوستانی شامل، آسٹریلیا سے کوئی نہیں

بریٹ لی کی پلیئنگ الیون میں سب سے زیادہ ہندوستان اور انگلینڈ کے 4-4 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، علاوہ ازیں پاکستان کے 2 اور نیوزی لینڈ کے 1 کھلاڑی کو بریٹ لی کی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔

بریٹ لیِ تصویر آئی اے این ایس
بریٹ لیِ تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ٹی-20 عالمی کپ 2022 کے بعد کئی سابق کرکٹرس نے اپنی اپنی بہترین پلیئنگ الیون کا انتخاب کیا ہے۔ اس فہرست میں آسٹریلیا کے مایہ ناز سابق تیز گیندباز بریٹ لی کا نام بھی جڑ گیا ہے۔ انھوں نے اپنی پلیئنگ الیون میں ہندوستان، پاکستان، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کو جگہ دی ہے۔ یہ چاروں ٹیمیں سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔ فائنل میں پاکستان اور انگلینڈ کا مقابلہ ہوا تھا جس میں پاکستان کو شکست دے کر انگلینڈ چمپئن بنا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے بریٹ لی نے آسٹریلیائی ٹیم کے کسی بھی کھلاڑی کو اپنے پلیئنگ الیون میں شامل کرنے لائق نہیں سمجھا۔ اپنے یوٹیوب چینل پر بریٹ لی بہترین پلیئنگ الیون کا انتخاب کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی نظر میں انگلینڈ کے سلامی بلے باز جوس بٹلر اور ایلیکس ہیل ہی بہترین سلامی بلے باز ہیں۔ تیسرے اور چوتھے نمبر پر بالترتیب وراٹ کوہلی اور سوریہ کمار یادو کو رکھا گیا ہے۔ پانچویں مقام پر بریٹ لی نے ٹی-20 عالمی کپ میں سنچری لگانے والے نیوزی لینڈ کے بلے باز گلین فلپس کو رکھا ہے۔


بریٹ لی کی بہترین پلیئنگ الیون کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں 4 آل راؤنڈرس کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ آل راؤنڈرس ہیں ہاردک پانڈیا (ہندوستان)، سیم کرن(انگلینڈ)، شاداب خان (پاکستان) اور معین علی (انگلینڈ)۔ جہاں تک تیز گیندبازوں کی بات ہے، بریٹ لی نے پاکستانی گیندباز شاہین آفریدی اور ہندوستانی گیندباز عرشدیپ سنگھ کو ترجیح دی ہے۔

اس طرح دیکھا جائے تو بریٹ لی کی بہترین پلیئنگ الیون میں سب سے زیادہ ہندوستان اور انگلینڈ کے 4-4 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان کے 2 اور نیوزی لینڈ کے 1 کھلاڑی کو بریٹ لی کی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔


بریٹ لی کی ٹی-20 عالمی کپ پر مبنی پلیئنگ الیون: جوس بٹلر، ایلیکس ہیلس، وراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو، گلین فلپس، ہاردک پانڈیا، شاداب خان، معین علی، سیم کرن، شاہین آفریدی، عرشدیپ سنگھ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔