بارڈر-گواسکر ٹرافی: تیسرے ٹیسٹ میں لائن نے بگاڑا ہندوستان کا کھیل، جیت کے لیے آسٹریلیا کو ملا 76 رنوں کا ہدف
ہندوستان کی دوسری اننگ جب شروع ہوئی تو ایک بار پھر لگاتار وقفہ پر وکٹ گرتے رہے، آسٹریلیائی اسپن گیندباز ناتھن لائن نے 8 وکٹ لے کر ہندوستانی ٹیم کو محض 163 رنوں پر سمیٹ دیا۔
بارڈر-گواسکر ٹرافی کا تیسرا ٹیسٹ میچ بھی تیسرے دن ہی ختم ہوتا ہوا محسوس ہو رہا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ ہندوستان کی دوسری اننگ اندور ٹیسٹ کے دوسرے دن ہی ختم ہو گئی اور اب آسٹریلیا کو صرف ایک اننگ کھیلنی ہے۔ دراصل دوسرے دن آسٹریلیا نے 4 وکٹ کے نقصان پر 156 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا تھا۔ آج ہندوستانی گیندبازوں نے بہترین گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی پوری ٹیم کو 197 رنوں پر سمیٹ دیا۔ یعنی محض 41 رن جوڑ کر آسٹریلیا نے اپنے 6 وکٹ گنوا دیئے۔ ایسے میں آسٹریلیا کو 88 رنوں کی بہترین سبقت مل گئی تھی۔
ہندوستان کی دوسری اننگ جب شروع ہوئی تو ایک بار پھر لگاتار وقفہ پر وکٹ گرتے رہے۔ آسٹریلیائی اسپن گیندباز ناتھن لائن نے ہندوستان کا کھیل بری طرح بگاڑ دیا اور دوسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو ہندوستان کی دوسری اننگ محض 163 رنوں پر سمٹ گئی تھی۔ لائن نے دوسری اننگ میں 8 بلے بازوں کو آؤٹ کیا اور پجارا کے علاوہ کسی کو بھی بہت زیادہ دیر میدان پر ٹھہرنے نہیں دیا۔ ویسے پجارا کا وکٹ بھی لائن کو ہی ملا جب آسٹریلیائی کپتان اسمتھ نے ایک بہترین کیچ پکڑ کر سبھی کو حیران کر دیا۔
ہندوستان کی طرف سے چیتیشور پجارا نے سب سے زیادہ 59 رن بنائے۔ پجارا کے علاوہ محض شریئس ایر ہی کچھ بہتر نظر آئے جنھوں نے 26 رنوں کا تعاون کیا۔ پہلی اننگ کی طرح ہی دوسری اننگ میں بھی 5 کھلاڑی ایسے رہے جو دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچ پائے۔ آسٹریلیا کی طرف سے لائن (8 وکٹ) کے علاوہ مشیل اسٹارک اور میتھیو کہنمین کو 1-1 وکٹ حاصل ہوئے۔
اس طرح دیکھا جائے تو آسٹریلیا کو تیسرے ٹیسٹ میں جیت حاصل کرنے کے لیے محض 76 رنوں کی ضرورت ہے۔ تیسرے دن کا کھیل جب شروع ہوگا تو ایسی امید کم ہی ہے کہ میچ تیسرے سیشن تک جائے۔ بلکہ پہلے سیشن میں ہی کھیل کا نتیجہ سامنے آ سکتا ہے۔ ہندوستانی گیندبازوں کی کوشش ہوگی کہ وہ جلدی جلدی وکٹ حاصل کریں، اور آسٹریلیائی بلے باز وکٹ پر سنبھل کر کھیلنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ آج ہندوستانی گیندبازوں نے آسٹریلیا کے 6 وکٹ محض 11 رنوں کے اندر آؤٹ کر دیئے تھے۔ ایسے میں اگر ہندوستان کو شروع میں ہی دو تین وکٹیں حاصل ہو جاتی ہیں تو آسٹریلیا کے لیے جیت آسان نہیں ہوگی۔ ویسے 4 ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں ہندوستان ابھی 0-2 سے آگے ہے اور اگر آسٹریلیا تیسرا ٹیسٹ جیت بھی جاتی ہے تو 1-2 کی برتری ہندوستان کو حاصل رہے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔