بنگلورو ٹسٹ: ہندوستان کا شرمناک مظاہرہ، پوری ٹیم 46 رنوں پر ڈھیر
روہت شرما کا ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ تباہ کن ثابت ہوا۔ کوہلی سمیت 5 بلے باز اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔ ٹیم نے اپنی سرزمین پر سب سے کم رنوں پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ بنایا۔
بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں ہندوستانی ٹیم نے شرمناک مظاہرہ کیا ہے۔ یہاں ٹسٹ کے دوسرے دن پوری ٹیم تاش کے پتّوں کی طرح بکھر گئی اور صرف 46 رن بنا کر سمٹ گئی۔ پہلے دن کا کھیل بارش کی نذر ہونے کے بعد دوسرے دن ٹیم انڈیا کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا جو بہت بُرا ثابت ہوا۔ ٹیم ایک کے بعد ایک وکٹ گنواتے ہوئے 31 اوور میں صرف 46 رن پر ہی آل آؤٹ ہو گئی۔
34 رن تک جب ہندوستان کے 7 وکٹ گرے تھے تو اس وقت ٹیم کے 5 بلے باز بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین کا راستہ دیکھ چکے تھے۔ یہ ٹسٹ کرکٹ میں ہندوستان کا اپنی سرزمین پر سب سے کم اسکور ہے۔ ٹیم کے ذریعہ بنائے گئے 46 رن میں سے تو اکیلے 20 رن رشبھ پنت نے ہی بنا دیے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیم کے دیگر بلے بازوں نے کتنے خراب کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔
پنت کے علاوہ دوسرا سب سے بڑا اسکور یشسوی جیسوال کا تھا جنہوں نے 13 رن بنائے۔ ان دو بلے بازوں کے علاوہ کوئی دوسرا بلے باز دہائی تک نہیں پہنچ سکا۔ صفر پر آؤٹ ہونے والے بلے بازوں میں وراٹ کوہلی، سرفراز خان، کے ایل راہل، رویندر جڈیجہ اور آر اشون کے نام شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے خطرناک گیندبازی کرتے ہوئے میٹ ہینری نے سب سے زیادہ 5 وکٹ لیے جبکہ ولیم رورکے نے 4 وکٹ جھٹکے۔ ہندوستانی ٹیم نے 46 رنوں پر آؤٹ ہو کر کئی خراب ریکارڈ اپنے نام کر لیے ہیں۔
1987 میں ہندوستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف دہلی ٹسٹ میں صرف 75 رنوں پر آؤٹ ہو گئی تھی، جو ملک کی سرزمین پر ٹیم کے ذریعہ بنایا گیا سب سے کم اسکور تھا۔ وہیں 2008 میں احمد آباد ٹسٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیم انڈیا 76 رنوں پر آؤٹ ہوئی تھی جو دوسرا سب سے کم اسکور تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔