ٹی-20 عالمی کپ کے لئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان، دھونی کو ملی بڑی ذمہ داری
اگلے ماہ ہونے والے ٹی 20 عالمی کرکٹ مقابلوں کے لئے بی سی سی آئی نے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے ہندوستان کے سابق کپتان دھونی کو بڑی ذمہ داری دی ہے۔
ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ یعنی بی سی سی آئی نے اگلے ماہ سے متحدہ عرب امارات اور اومان میں کھیلے جانے والے ٹی20 عالمی کپ کے لئے ہندوستانی ٹیم کے 15 ارکان کا اعلان کر دیا ہے اور اس کے ساتھ ہندوستان کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو بھی ایک بڑی ذمہ داری دی ہے ۔ بی سی سی آئی نے تین اسٹینڈ بائی کھلاڑیوں کا بھی انتخاب کیا ہے اور یہ کھلاڑی بھی ہندوستانی ٹیم کے ساتھ جائیں گے۔
بی سی سی آئی نے ٹی 20 عالمی کپ کے لئے سابق کپتان دھونی کو ہندوستانی ٹیم کا مینٹور تقرر کیا ہے ۔ ان کی اس تقرری سے یہ اشارہ مل رہا ہے کہ موجودہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں بھی دھونی کا اہم کردار رہا ہے ۔ دھونی ٹیم کے ساتھ ضرور ہوں گے چاہے وہ کھلاڑی یا کپتان کے طور پر نہ ہوں ۔ اس تقرری سے یہ بھی اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں دھونی ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ بھی ہو سکتے ہیں۔
جہاں اس ٹیم میں کلدیپ یادو ور یوجویندر چہل کو جگہ نہیں ملی ہے وہیں اوپنر بلے باز شکھر دھون اور شریاس اییر بھی اس ٹیم کا حصہ نہیں ہیں ۔ لیکن چار سال بعد اسپینر اشون کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔ یو اے ای اور اومان کی پچوں کو دھیان میں رکھتے ہوئے سلیکشن کمیٹی نے اسپینرس اور آل راؤنڈر س پپر توجہ دی ہے۔
ٹی 20 عالمی مقابلوں میں ہندوستان کا پہلا میچ پاکستان سے ہو گا اور یہ میچ 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا ۔ اس ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی ہوں گے جبکہ روہت شرما نائب کپتان ہوں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کے ایل راہل، سوریہ کمار یادو، رشبھ پنت، ایشان کشن، ہاردک پانڈیا، روندر جڈیجہ، راہل چاہر، روی چندرن اشون، اکشر پٹیل، ورن چکرورتی، جسپریت بمراہ، بھونیشور کمار اور محمد سمیع شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔