ٹیم انڈیا کے لئے بری خبر! سری لنکا کے خلاف کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز سے بھی باہر ہوئے بمراہ

ہندوستان کے پریمیئر تیز گیند باز جسپریت بمراہ منگل سے سری لنکا کے خلاف شروع ہونے والی ون ڈے سیریز میں نہیں کھیلیں گے کیونکہ بی سی سی آئی ان کے ساتھ 'جلد بازی' نہیں کرنا چاہتا

تیز گیندباز جسپریت بمراہ / @Jaspritbumrah93
تیز گیندباز جسپریت بمراہ / @Jaspritbumrah93
user

یو این آئی

ممبئی: ہندوستان کے پریمیئر تیز گیند باز جسپریت بمراہ منگل سے سری لنکا کے خلاف شروع ہونے والی ون ڈے سیریز میں نہیں کھیلیں گے کیونکہ بی سی سی آئی ان کے ساتھ 'جلد بازی' نہیں کرنا چاہتا۔ کرکٹ نیوز ویب سائٹ ’کرک بز‘ نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے ذرائع کے حوالے سے یہ معلومات دی۔

خیال رہے کہ بمراہ ستمبر 2022 سے کرکٹ سے دور تھے اور کمر کی چوٹ کی وجہ سے وہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے بھی محروم تھے۔ بمراہ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل ہندستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی ٹی 20 سیریز کے لیے ٹیم میں واپس بلایا گیا تھا لیکن دو میچوں کے بعد ان کی کمر کی تکلیف بڑھ گئی تھی۔


بی سی سی آئی نے 3 جنوری کو بتایا تھا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) نے بمراہ کو بحالی کے بعد فٹ قرار دیا ہے۔ بی سی سی آئی نے کہا تھا، “فاسٹ بولر ری ہیب سے گزرا ہے اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی) نے انہیں فٹ قرار دیا ہے۔ وہ جلد ہی ٹیم انڈیا کی ون ڈے ٹیم میں شامل ہوں گے۔

بورڈ نے کہا تھا کہ بمراہ کو سلیکشن کمیٹی کی سفارش پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے تاہم اب بی سی سی آئی نے این سی اے کی سفارش پر انہیں ون ڈے سیریز میں نہ کھلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرک بز نے کہا کہ یہ فیصلہ آسٹریلیا کے خلاف اگلے ماہ ہونے والی ٹیسٹ سیریز اور اکتوبر میں ہونے والے ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بمراہ 18 جنوری سے نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والی محدود اوورز کی سیریز میں کھیل سکتے ہیں۔


بمراہ پہلے ون ڈے کے لیے گوہاٹی نہیں پہنچے ہیں، حالانکہ روہت شرما، لوکیش راہول، وراٹ کوہلی اور شریس آئیر جیسے سینئر کھلاڑی، جو سری لنکا کی ٹی 20 سیریز سے باہر ہو گئے تھے، نے ٹیم میں شامل ہوگئے ہیں۔

سری لنکا ون ڈے کے لیے ہندوستانی اسکواڈ: روہت شرما (کپتان)، شوبھمن گل، وراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو، شریس ایر، لوکیش راہول (وکٹ کیپر)، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا (نائب کپتان)، واشنگٹن سندر، یوزویندر چہل، کلدیپ یادو، اکشر پٹیل، محمد سمیع، محمد سراج، عمران ملک، ارشدیپ سنگھ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔