انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل ٹیم انڈیا کے لئے بری خبر، دو کھلاڑی کورونا سے متاثر!
عالمی ٹیسٹ چیمپین شپ کے بعد آرام کر رہی ٹیم انڈیا کے دو کھلاڑی کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں، اگست کے پہلے ہفتہ میں ٹیسٹ سیریز شروع ہونی ہے جبکہ 20 جولائی سے پریکٹس میچ کھیلے جانے ہیں
نئی دہلی: انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز سے قبل انڈین کرکٹ ٹیم کے لئے پریشان کن خبر منظر عام پر آئی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑیوں کی کورونا کی ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو پائی گئی ہے۔ یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آ رہی ہے جب عالمی ٹیسٹ چیمپین شپ کے بعد ٹیم انڈیا بریک پر چل رہی ہے۔
تاہم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جو دو کھلاڑی کو کورونا سے متاثر پائے گئے تھے ان میں سے ایک شفایاب ہو چکا ہے، جبکہ دوسرے کھلاڑی کا جلد ہی پھر سے کورونا ٹیسٹ کیا جانا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، دونوں کھلاڑیوں کو سردی لگنے اور کھانسی جیسی ہلکی علامات ظاہر ہوئی تھیں اور فی الحال حالات قابو میں ہیں۔ پازیٹو پائے جانے کے کچھ دن بعد ایک کھلاڑی کی ٹیسٹ رپورٹ نگیٹو پائی جا چکی ہے، جبکہ دوسرے کھلاڑی کا 18 جلائی کو پھر سے ٹیسٹ کیا جائے گا، جو گزشتہ 10 دنوں سے آئسولیشن میں ہے۔
ہندوستان کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑی فی الحال لندن میں ہیں اور اب انہیں ڈرہم کے لئے روانہ ہونا ہے۔ جو کھلاڑی کورونا پازیٹو پایا گیا ہے وہ فی الحال لندن میں ہی قیام کرے گا۔ ڈرہم پہنچنے پر تمام کھلاڑیوں کا ایک مرتبہ پھر کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق کھلاڑیوں نے 3-4 روز قبل ویکسین کی دوسری خوراک لے لی ہے۔ بی سی سی آئی کی جانب سے کھلاڑیوں کے نام بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی کھلاڑی ومبلڈن اور یورو کپ کا میچ دیکھنے کے لئے نا جائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔