مارنس اور ٹریوس کا تعاون قابل تعریف: کمنز
لابوشین نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیم تھی لیکن آپ جانتے ہیں کہ جب آپ اپنی بیسٹ کرکٹ کھیلتے ہیں تو چیزیں آپ کے حق میں جاتی ہیں۔
آسٹریلیائی کپتان پیٹ کمنز نے اتوار کو آئی سی سی ورلڈ کپ ٹائٹل میچ جیتنے کے بعد کہا کہ مارنس لیبوشین اور ہیڈ ٹریوس کا تعاون قابل تعریف ہے۔آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ ہم نے ٹورنامنٹ میں زیادہ مرتبہ بیٹنگ کی تھی لیکن ہم نے سوچا کہ آج بولنگ کرنا بہتر رہے گا۔ وقت کے ساتھ پچ سست ہورہی تھی لیکن ہیڈ نے اچھی بیٹنگ کی اور ہم نے باؤلنگ میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی۔ اس وکٹ پر ہندوستان کو 300 تک محدود کرنا بہتر ہوتا اور ہم انہیں 240 پر روکنے میں کامیاب رہے۔
انہوں نے کہا کہ مارنس اور خاص طور پر ٹریوس نے وہی کیا جو وہ ہمیشہ کرتے ہیں۔ ٹریوس پہلے زخمی ہوئے تھے لیکن میڈیکل ٹیم کی مدد سے ہم انہیں واپس لانے میں کامیاب رہے اور انہوں نے جس طرح کا تعاون کیا وہ قابل تعریف ہے۔ ہندوستان میں کرکٹ کا جنون ایک الگ سطح پر ہے۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے بعد ورلڈ کپ جیتنا ناقابل یقین ہے۔
آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر میچ میں سنچری بنانے والے ٹریوس ہیڈ نے کہا کہ میچ جیتنے کے بعد بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔ میں بہت پرجوش ہوں۔ یہ انجری کے ساتھ گھر پر ورلڈ کپ دیکھنے سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔ میں نروس تھا لیکن جس طرح مارنس نے کھیلا وہ واقعی لاجواب ہے، انہوں نے دباؤ کو بہت اچھی طرح سے ہینڈل کیا۔ مچ (مچل مارش) کو بھی کریڈٹ دینا ہوگا جس طرح انہوں نے کھیل کو منظم طریقے سے ترتیب دیا۔
لابوشین نے کہا، ’’ہم نے آج جو حاصل کیا ہے وہ واقعی ناقابل یقین ہے۔ ہندوستانی ٹیم ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیم تھی لیکن آپ جانتے ہیں کہ جب آپ اپنی بیسٹ کرکٹ کھیلتے ہیں تو چیزیں آپ کے حق میں جاتی ہیں۔ میرے پاس بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔ میں دو ماہ قبل جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیم میں بھی نہیں تھا۔
میکسویل نے کہا، ’’جس طرح ہیڈ نے بلے بازی کی وہ واقعی لاجواب ہے میں نے توسوچا بھی نہیں تھا کہ میری بیٹنگ نہیں آئے گی لیکن جس طرح ہیڈ نے بمراہ کے خلاف بلے بازی کی وہ ناقابل یقین ہے۔
ڈیوڈ وارنر نے کہا، "ابتدائی طورپر ہندوستان نے اچھا آغاز کیاتھا لیکن اس کا کریڈٹ گیند بازوں کو دینا ہوگا۔ ہماری تین وکٹیں بھی جلد گرگئیں لیکن ہیڈ اور لابوشین نے اچھی اننگز کھیلی۔ خاص طور پر ہیڈ نے انجری سے واپسی کی تھی لیکن آخر میں سب کچھ ٹھیک رہا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔