طالبان کے ایک فیصلے نے افغانستان کرکٹ کو پہنچایا نقصان، آسٹریلیا نے سیریز رَد کرنے کا کیا اعلان

کرکٹ آسٹریلیا نے افغانستان کے خلاف تین میچوں کی یک روزہ سیریز کھیلنے سے منع کر دیا ہے، یہ سیریز یو اے ای میں مارچ میں کھیلی جانے والی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

کرکٹ آسٹریلیا نے آسٹریلیائی حکومت سے مشورہ کے بعد افغانستان کے خلاف تین میچوں کی یک روزہ سیریز کھیلنے سے منع کر دیا ہے۔ یہ سیریز یو اے ای (متحدہ عرب امارات) میں مارچ میں کھیلی جانے والی تھی۔ حال ہی میں طالبان حکومت میں خواتین اور لڑکیوں پر لگائی گئی تعلیمی پابندیوں کے سبب یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔

فروری میں آسٹریلیائی ٹیم ہندوستانی دورے پر آئے گی۔ پہلے یہ طے کیا گیا تھا کہ اس دورے کے بعد آسٹریلیائی ٹیم یو اے ای میں یہ یک روزہ سیریز کھیلے گی، جو آئی سی سی سپر لیگ کا بھی حصہ ہوگی۔ لیکن سی اے (کرکٹ آسٹریلیا) کے ذریعہ ایک پریس بیان میں اب یہ کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا یہ سیریز نہیں کھیلے گا۔ حال ہی میں طالبان حکومت میں خواتین اور لڑکیوں پر لگائی گئی تعلیمی پابندیوں کے سبب یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو افسر جیف الارڈس نے بھی طالبان کے اس فیصلے کو فکر انگیز بتایا تھا۔


سی اے نے اس سیریز میں حصہ لینے یا نہ لینے کے بارے میں فیصلہ لینے کے لیے مختلف اداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا، جس میں آسٹریلیائی حکومت سے بھی رائے لی گئی تھی۔ سی اے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’آسٹریلیائی حکومت سمیت متعلقہ اسٹیک ہولڈرس کے ساتھ وسیع تبادلہ خیال کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ مارچ 2023 میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں مقررہ آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان آئندہ تین میچوں کی مردوں کی یک روزہ سیریز میں حصہ لینے میں نااہل ہے۔ یہ فیصلہ طالبان کے ذریعہ خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم، روزگار کے مواقع، پارکوں اور ورزش کے مقام تک پہنچنے پر لگائی گئی پابندی کے تازہ اعلان کے بعد لیا گیا ہے۔‘‘

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’’سی اے، افغانستان سمیت دنیا بھر میں خواتین اور مردوں کے لیے کھیل کی حمایت کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ملک میں خواتین اور لڑکیوں کے لیے بہتر حالت کے امکان کے لیے افغانستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ جڑنا جاری رکھے گا۔ ہم اس معاملے پر حمایت کے لیے آسٹریلیائی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہین۔‘‘


واضح رہے کہ نومبر 2021 میں ہوبارٹ میں کھیلے جانے والے واحد ٹیسٹ کے ملتوی ہونے کے بعد خواتین پر طالبان حکومت کی پالیسیوں کے سبب دو سال میں یہ دوسری بار ہے جب کرکٹ آسٹریلیا نے افغانستان کے ساتھ دو فریقی سیریز کو رد کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔