میلبورن: آسٹریلیا پر ہندوستان کی گرفت مضبوط، 37 سال بعد تاریخی جیت کی جانب گامزن
آسٹریلیا نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے چوتھے دن کے کھیل کے اختتام تک اپنے آٹھ وکٹ 258 رن پر گنوا دیئے، آسٹریلیا کو جیت کے لئے ابھی 141 رن کی ضرورت ہے۔
میلبورن: ہندوستان نے اپنے گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت تیسرے کرکٹ ٹیسٹ کےچوتھے دن آج آسٹریلیا پر اپنی گرفت مضبوط کرلی اور اب اسے اس میدان پر 37 سال بعد جیت حاصل کرنے اور چار میچوں کی سیریز میں 1۔2 کی سبقت حاصل کرنے میں صرف دو وکٹ کی ضرورت ہے۔
ہندوستان نے اپنی دوسری اننگ آٹھ وکٹ پر 106 رن پر ڈکلیئر کرکے آسٹریلیا کے سامنے جیت کے لئے 399 رن کا ہدف رکھا۔ ہندوستان کو پہلی اننگ میں 292 رنوں کی برتری ملی تھی۔ آسٹریلیا نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے چوتھے دن کے کھیل کے اختتام تک اپنے آٹھ وکٹ 258 رن پر گنوا دیئے، آسٹریلیا کو جیت کے لئے ابھی 141 رن کی ضرورت ہے جبکہ ہندوستان کو میلبورن میں 37 سال بعد تاریخی جیت کے لئے صرف دو وکٹ کی ضرورت ہے۔
میلبورن میدان میں ہندوستان نے آخری بار جیت 1981 میں حاصل کی تھی۔ اس سے پہلے میلبورن میں ہندوستان نے دسمبر 1977 میں 222 رنوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ہندوستان اگر جیت حاصل کرتا ہے تو اس کی اس میدان پر یہ تیسری جیت ہوگی۔
ہندوستانی گیندبازوں نے آسٹریلیائی بلے بازوں پر مسلسل دباؤ بنائے رکھا اور وکٹ حاصل کئے۔ لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ نے 82 رن پر تین وکٹ، پہلی اننگز میں چھ وکٹ حاصل کرنے والے جسپریت بمراہ نے 53 رن پر دو وکٹ، محمد شامی نے 71 رن پر دو وکٹ اور ایشانت شرما نے 37 رن پر ایک وکٹ حاصل کیا۔
دن کا مقررہ وقت پورا ہونے کے بعدآسٹریلیا کے آٹھ وکٹ گر گئے تھے اور ہندوستان نے آج ہی میچ ختم کرنے کی امید میں آدھے گھنٹے کا وقت اور لیا لیکن تیزگیندباز پیٹ کمنس نے جم کر کھیلتے ہوئے 103 گیندوں میں ناٹ آوٹ 61 رن بناکر ہندوستان کی جیت کے انتظار کو اور بڑھا دیا۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کی شروعات خراب رہی اور آرون فنچ صرف تین رن بنا کر بمراه کی گیند پر وراٹ کوہلی کو کیچ دے بیٹھے۔ آسٹریلیا کا پہلا وکٹ چھ کے اسکور پر گرا۔ جڈیجہ نے سلامی بلے باز مارکس ہیرس کو مینک اگروال کے ہاتھوں کیچ کرایا اور آسٹریلیا نے دوسرا وکٹ 33 کے اسکور پر گنوایا۔ہیرس نے 13 رن بنائے۔
عثمان خواجہ 59 گیندوں میں 33 رن بنانے کے بعد شامی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ بمراه نے شان مارش کو ایل بی ڈبلیو کیا اور آسٹریلیا نے اپنا چوتھا وکٹ 114 کے اسکور پر گنوا دیا۔ شان مارش نے 72 گیندوں پر 44 رن کی اننگز میں چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ جڈیجہ نے مشیل مارش کو وراٹ کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ مشیل نے 10 رن بنائے اور آسٹریلیا کا پانچواں وکٹ 135 پر گرا۔
ٹریوس ہیڈ 92 گیندوں میں 34 رن بنانے کے بعد ایشانت شرما کی گیند کو اسٹمپ پر کھیل گئے۔ آسٹریلیا کے چھٹے وکٹ 157 پر گرا۔ جڈیجہ نے آسٹریلیائی کپتان ٹم پین کو وکٹ کیپر رشبھ پنت کےہاتھوں آوٹ کرایا۔ پین نے 67 گیندیں کھیل کر 26 رن بنائے۔ شامی نے مشیل اسٹارک (18) کو بولڈ کر آسٹریلیا کا اسکور آٹھ وکٹ پر 215 رن کر دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 29 Dec 2018, 4:10 PM