ایشیائی کھیل: کوارٹر فائنل میں یشسوی جیسوال کی طوفانی سنچری، نیپال کو دیا 203 رنوں کا ہدف

ایشین گیمز 2023 میں مردوں کے کرکٹ ایونٹ میں آج پہلا کوارٹر فائنل کھیلا جا رہا ہے۔ اس میچ میں ہندوستان اور نیپال آمنے سامنے ہیں۔ ٹیم انڈیا نے مقررہ 20 اوورز میں 202 رنز اسکور کیے ہیں

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

ہانگزو: ایشین گیمز 2023 میں مردوں کے کرکٹ ایونٹ میں کھیلے جا رہے پہلے کوارٹر فائنل میں ہندوستان نے نیپال کو 203 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ہندوستان کے لیے اوپننگ بلے باز یشسوی جیسوال نے شاندار بلے بازی کی اور صرف 48 گیندوں میں 100 رنز بنائے۔ یہاں شیوم دوبے اور رنکو سنگھ نے بھی شاندار اننگز کھیلی۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں جیسوال کی یہ پہلی سنچری ہے۔ ہندوستانی بلے بازوں نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔ وہ 49 گیندوں پر 100 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ یشسوی نے اپنی اننگز میں 7 چھکے اور 8 چوکے لگائے۔

قبل ازیں ہندوستانی کپتان روتوراج گائیکواڑ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازیی کا فیصلہ کیا تھا۔ ہندوستانی ٹیم نے یہاں مضبوط شروعات کی اور پہلے وکٹ کے لیے یشسوی اور رتوراج نے 9.5 اوور میں 103 رنز کی شراکت داری کی۔ اس اسکور پر کپتان روتوراج نے اپنا وکٹ گنوا دییا۔


انہوں نے 23 گیندوں پر 25 رنز بنائے۔ اس کے بعد ہندوستان نے بیک ٹو بیک دو وکٹ گنوائے۔ تلک ورما 10 گیندوں پر صرف 2 رنز بنا سکے اور وکٹ کیپر جیتیش شرما بھی 4 گیندوں پر 5 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ تاہم دوسرے سرے سے یشسوی کی دھماکہ خیز بلے بازی جاری رہی۔

ایک وقت میں ہندوستانی ٹیم 16.2 اوورز میں 150 رنز پر 4 وکٹیں گنوا چکی تھی۔ یہاں سے شیوم دوبے اور رنکو سنگھ نے چارج سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے 22 گیندوں میں 52 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری کی اور ٹیم انڈیا کو 200 سے آگے لے گئے۔ شیوم دوبے نے 19 گیندوں پر 25 رنز بنائے جبکہ رنکو سنگھ نے 15 گیندوں پر 37 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔


نیپال کی جانب سے دیپندر سنگھ نے موثر گیند بازی کی۔ انہوں نے 4 اوورز میں 31 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ سندیپ لامیچھانے اور سومپال کامی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ خیال رہے کہ سینئر ہندوستانی ٹیم اس وقت ورلڈ کپ 2023 میں حصہ لے رہی ہے۔ ایسے میں ہندوستان نے ایشین گیمز 2023 میں اپنی بی ٹیم کو میدان میں اتارا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔