ایشین گیمز: ہندوستان کی مرد کرکٹ ٹیم نے بھی جیتا گولڈ، کھلاڑیوں نے میدان پر لہرایا ترنگا

مردوں کے کرکٹ فائنل مقابلے میں افغانستان کی اننگ ختم بھی نہیں ہوئی تھی کہ بارش شروع ہو گئی، اور پھر دوبارہ کھیل شروع نہیں ہو سکا، ٹورنامنٹ میں بہترین سیڈ کی وجہ سے ہندوستان کو گولڈ میڈل دیا گیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ویڈیو گریب</p></div>

تصویر ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

ایشین گیمز کرکٹ میں ہندوستان کی خاتون ٹیم نے کچھ دنوں پہلے ہی گولڈ میڈل حاصل کیا تھا، اور آج ہندوستان کی مرد ٹیم نے بھی گولڈ پر قبضہ کر لیا ہے۔ فائنل مقابلہ آج ہندوستان اور افغانستان کے درمیان تھا۔ ہندوستانی ٹیم بہت اچھے پوزیشن میں نظر آ رہی تھی اور 18.2 اوورس میں افغانستان نے 5 وکٹ کے نقصان پر 112 رن بنائے تھے جب زوردار بارش شروع ہو گئی۔ اس کے بعد میچ دوبارہ شروع نہیں ہو سکا اور ٹورنامنٹ میں بہترین سیڈ کی وجہ سے ہندوستان کو گولڈ میڈل مل گیا۔

فائنل مقابلے میں ٹاس ہندوستانی کپتان ریتوراج گائیکواڈ نے جیتا تھا اور پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ہندوستانی گیندبازوں کی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے افغانستان کے 3 وکٹ 12 رن پر ہی گرا دیے تھے، اور پھر 52 رن پر 5 وکٹ گر گئے۔ لیکن اس کے بعد شاہداللہ اور کپتان گلبدین نائب نے نہ صرف وکٹ گرنے کا سلسلہ روکا، بلکہ رن بھی بناتے رہے۔ شاہد اللہ 43 گیندوں پر 49 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ گلبدین نائب 24 گیندوں پر 27 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ صرف افسر ززئی (15 رن) ہی واحد ایسے بلے باز رہے جو دوہرے ہندسے تک پہنچ پائے۔


ہندوستان کی طرف سے روی بشنوئی نے انتہائی کفایتی گیندبازی کی۔ انھوں نے 4 اوورس میں محض 12 رن دے کر 1 وکٹ لیا۔ 1-1 وکٹ عرشدیپ سنگھ (3 اوورس میں 17 رن)، شیوم دوبے (1 اوور میں 4 رن) اور شہباز احمد (3.2 اوورس میں 28 رن) کو بھی ملے۔ واشنگٹن سندر نے 3 اوورس میں 23 رن اور سائی کشور نے 4 اوورس میں 26 رن خرچ کیے۔ 18.2 اوورس کے بعد بارش شروع ہوئی اور کھیل شروع ہونے کا امکان نظر نہیں آیا تو میچ کو ’نو ریزلٹ‘ قرار دے دیا گیا۔ ہندوستانی ٹیم سے خراب سیڈ ہونے کی وجہ سے افغانستانی ٹیم کو سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔