ایشین گیمز 2023: منگولیا کی خاتون کرکٹ ٹیم ایک بار پھر محض 22 رنوں پر سمٹی، کل ہندوستان کا مقابلہ ملیشیا سے

آج کھیلے گئے کوالیفائر کوارٹر فائنل میں منگولیا کی خاتون کرکٹ ٹیم کا مقابلہ ہانگ کانگ کی خاتون ٹیم سے تھا، منگولیا کو جیت کے لیے 203 رنوں کا ہدف ملا تھا لیکن پوری ٹیم محض 22 رنوں پر ہی آؤٹ ہو گئی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

تنویر

ایشین گیمز میں خاتون کرکٹ ٹیموں کا مقابلہ چل رہا ہے۔ 20 ستمبر کو منگولیائی خاتون کرکٹ ٹیم اور ہانگ کانگ کی خاتون کرکٹ ٹیم کے درمیان کوالیفائر کوارٹر فائنل میچ کھیلا گیا جو یکطرفہ ثابت ہوا۔ منگولیائی خاتون ٹیم نے ایک بار پھر مایوس کن کھیل کا مظاہرہ کیا اور محض 22 رنوں پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ گزشتہ روز منگولیا نے انڈونیشیائی خاتون کرکٹ ٹیم کے خلاف بھی انتہائی خراب کھیل کا مظاہرہ کیا تھا اور پوری ٹیم محض 15 رنوں پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

آج کھیلے گئے میچ میں منگولیائی خاتون ٹیم کی کپتان سینڈسورین نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ ہانگ کانگ کے بلے بازوں نے بہترین کھیل دکھاتے ہوئے 20 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر 202 رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ کپتان کیری چین نے سب سے زیادہ 70 رن (39 گیندوں پر) رنوں کا تعاون کیا اور شان ٹو نے ناٹ آؤٹ 34 رن بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں مریم بی بی نے ناٹ آؤٹ 30 رنوں کا اور سلامی بلے باز نتاشا مائلس نے بھی 30 رنوں کا تعاون کیا۔


جب منگولیائی ٹیم کی بلے بازی شروع ہوئی تو حالات بالکل ویسے ہی رہے جیسا کہ گزشتہ روز انڈونیشیا کے خلاف دیکھنے کو ملے تھے۔ یعنی وکٹ گرنے کا سلسلہ جو ایک بار شروع ہوا تو پھر کسی نے جم کر کھیلنے کی کوشش نہیں کی۔ بس ایک یہی بات اچھی رہی کہ پہلا وکٹ 5.4 اوور میں گرا، لیکن تب تک اسکور بورڈ پر محض 7 رن ہی بنے تھے۔ پھر یہاں سے باقی بلے باز 15 رن ہی جوڑ سکے۔ پوری ٹیم 14.3 اوور میں 22 رن بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ سب سے زیادہ 5-5 رن ایرڈینیسووڈ اور اینخزول نے بنائے۔ 5 کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے ہی آؤٹ ہو گئے۔ اس طرح منگولیائی خاتون کرکٹ ٹیم کو 180 رنوں سے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بہرحال، ایشین گیمز کے خاتون کرکٹ زمرہ میں کل ہندوستان کا مقابلہ ملیشیا سے ہوگا۔ یہ پہلا کوارٹر فائنل میچ ہوگا اور جیتنے والی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔ ہرمن پریت کور کی ہندوستانی ٹیم سے کافی امیدیں وابستہ ہیں کیونکہ سبھی کھلاڑی فارم میں نظر آ رہے ہیں۔ گزشتہ میچوں میں ہندوستانی خاتون ٹیم کی کارکردگی بھی بہت اچھی رہی ہے اور ملیشیا کوئی بہت مضبوط ٹیم بھی نہیں ہے۔ ویسے کل ہی دوسرا کوارٹر فائنل میچ پاکستانی خاتون اور انڈونیشیائی خاتون کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم کے بھی جیتنے کے قوی امکانات ہیں۔ وہ بھی جیت کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ پختہ کر لے گی اور اگر ہندوستان و پاکستان کی ٹیمیں اپنے اپنے سیمی فائنل میچ جیت جاتی ہیں تو فائنل میں دونوں آمنے سامنے ہوں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔