ایشیا کپ: ہند-پاک مقابلہ سے قبل پرینکا گاندھی نے ہندوستانی ٹیم کو پیش کیں نیک خواہشات

یوٹیوب پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’میرے پاس ہندوستان اور پاکستان میچ سے جڑی خاص یادیں ہیں۔‘‘

پرینکا گاندھی
پرینکا گاندھی
user

قومی آواز بیورو

ایشیا کپ-2022 میں 28 اگست کو ہندوستان اور پاکستان مدمقابل ہونے والے ہیں۔ اس سے قبل کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ہندوستانی ٹیم کو نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ پرینکا گاندھی نے اس کے ساتھ ہی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کراچی میں ہوئے میچ کا ایک دلچسپ واقعہ بھی بیان کیا ہے۔ انھوں نے یوٹیوب پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’’میرے پاس ہندوستان اور پاکستان میچ سے جڑی خاص یادیں ہیں۔ کئی سال پہلے میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ کو دیکھنے کراچی گئی تھی۔ میں اس لمحہ کو کبھی نہیں بھول سکتی جب ہندوستان نے وہ میچ جیتا تھا۔ سبھی لیڈران چاہے وہ بی جے پی یا کانگریس کے ہوں، اتنے خوش تھے کہ وہ خوشی سے جھوم اٹھے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے 28 اگست کے میچ کا سبھی کو بے صبری سے انتظار ہے۔ ایشیا کپ کے اس دوسرے اور انتہائی اہم میچ پر سبھی کی نظریں مرکوز ہیں۔ ایک طرف جہاں ہندوستانی ٹیم جسپریت بمراہ اور اکشر پٹیل جیسے تیز گیندبازوں کے بغیر کھیلنے میدان پر اترے گی، وہیں پاکستانی ٹیم کے تیز گیندباز محمد شاہین بھی زخمی ہونے کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ اس طرح دیکھا جائے تو مقابلہ زبردست ہونے کی امید ہے۔ حالانکہ ہندوستانی ٹیم روہت شرما کی کپتانی میں زیادہ مضبوط نظر آ رہی ہے، لیکن آخری بار جب ہندوستان اور پاکستان کا میچ کھیلا گیا تھا تو پاکستانی ٹیم نےبہ آسانی جیت حاصل کی تھی۔ اس لیے ہندوستانی ٹیم کو کچھ بھی ہلکے میں نہیں لینا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔