ایشیا کپ فائنل: ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان خطابی جنگ، 5 سال کی قحط سالی ختم کرنے اترے گی ٹیم انڈیا

امید کی جا رہی ہے کہ ایشیا کپ فائنل میں جیت کے ساتھ ٹیم انڈیا ملٹی نیشن ٹورنامنٹ کے خطاب کی قحط سالی دور کرے گی، جوکہ 5 سال سے کوئی بھی ملٹی نیشنل ٹورنامنٹ نہیں جیت سکی

<div class="paragraphs"><p>ٹیم انڈیا / بی سی سی آئی</p></div>

ٹیم انڈیا / بی سی سی آئی

user

قومی آواز بیورو

کولمبو: ایشیا کپ 2023 کے فائنل میچ آج کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں ہندوستان اور دفاعی چیمپین سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ ہندوستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا۔ فائنل میچ میں ٹیم انڈیا کی کپتانی روہت شرما کے ہاتھ میں ہوگی جب کہ سری لنکا کی ٹیم کی کمان داسن شناکا سنبھالیں گے۔

یہ ٹائٹل اگلے ماہ ہندوستان میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ سے قبل روہت سینا کے لیے اعتماد بڑھانے والے ٹانک کا کام کرے گا۔ ایشیا کپ کے ون ڈے فارمیٹ میں ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان 20 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے ہندوستان نے 10 اور سری لنکا نے بھی 10 ہی میچز جیتے ہیں۔

وہیں دونوں ٹیموں نے 13 ایشیا کپ ٹائٹل اپنے نام کئے ہیں، جن میں ہندوستان نے سات اور سری لنکا نے چھ جیتے ہیں۔ ٹیم انڈیا نے فائنل میں سری لنکا کو 5 بار شکست دی ہے۔ جبکہ سری لنکا نے فائنل میں ہندوستان کو 3 بار شکست دی ہے۔ اس بار ہندوستان کو فائنل جیتنے کا دعویدار سمجھا جا رہا ہے۔

امید کی جا رہی ہے کہ ایشیا کپ فائنل میں جیت کے ساتھ ٹیم انڈیا ملٹی نیشن ٹورنامنٹ کے خطاب کی قحط سالی دور کرے گی۔ خیال رہے کہ ہندوستان 5 سال سے کوئی بھی ملٹی نیشنل ٹورنامنٹ نہیں جیت سکا ہے۔ آخری بار اس نے ملٹی نیشن ٹورنامنٹ سال 2018 میں جیتا تھا، اس وقت اس نے ایشیا کپ کے فائنل میں بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔


سری لنکا کے لیے یہ ٹرافی کی گنتی برابر کرنے اور برے وقت سے گزرنے والے ہر سری لنکن کو فخر کرنے کا موقع ہے اور یقیناً کھلاڑی اس موقع پر ٹائٹل جیت کر لوگوں کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

ہندوستان نے سپر فور کے ایک مقابلہ میں سری لنکا کے خلارف اسی مقام پر ایک چیلنجنگ ٹرنر ٹریک پر کم اسکورنگ سنسنی خیز مقابلے میں فتح حاصل کی تھی۔ یہ میچ دونوں ٹیموں کی مضبوطی اور مہارت کا ثبوت تھا اور اس نے ایک دلچسپ فائنل ہونے کا مرحلہ طے کیا۔ سری لنکا کے گزشتہ مقابلے کے زخم ابھی تازہ ہیں اور دونوں فریق ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کے خواہاں ہوں گے۔

مقابلے کی بات کی جائے تو ہندوستان اورر سری لنکا ون ڈے میں 166 میچوں میں آمنے سامنے ہو چکے ہیں۔ ان میں سے سری لنکا نے 57 جبکہ ہندوستان نے 97 میچ جیتے، جبکہ ایک میچ ٹائی رہا تھا۔

ایشیا کپ کے فائنل سے قبل بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے دوران زخمی ہونے والے آل راؤنڈر اکشر پٹیل کے کور کے طور پر واشنگٹن سندر کو بلایا گیا ہے۔


واشنگٹن سندر سری لنکا کے خلاف اتوار کو ہونے والے فائنل سے قبل کولمبو میں ہندوستان کے ایشیا کپ اسکواڈ کے ساتھ اکشر پٹیل کے کور کے طور پر شامل ہونے کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ اکشر بنگلہ دیش کے ساتھ ایشیا کپ کے سپر فور کے فائنل میچ میں زخمی ہو گئے تھے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ اکشر پٹیل فائنل میں کھیلیں گے یا نہیں، حالانکہ ہندوستانی ٹیم مینجمنٹ نے احتیاط کے طور پر سندر کو کولمبو بلایا ہے۔

خیال رہے کہ جمعہ کو بنگلہ دیش کے خلاف سپر فور میچ میں تھرو سے زخمی ہونے کے بعد اکشر کے بازو میں سوجن آ گئی تھی۔ موجودہ ہندوستانی ٹیم میں آف اسپنر کی کمی ہے۔ ٹیم انتظامیہ کو امید ہے کہ اس کی تلافی دو بائیں ہاتھ کے اسپننگ آل راؤنڈر اکشر اور رویندر جڈیجہ کی موجودگی سے کی جا سکتی ہے۔ دریں اثنا، کلدیپ یادو ہندوستان کے 15 رکنی اسکواڈ میں واحد ماہر اسپنر ہیں۔

فائنل سے قبل سری لنکا کو چوٹ کا دھکا

پاکستان کے خلاف ایشیا کپ کے سپر فور میچ میں چوٹ کا شکار ہونے والے سری لنکا کے آل راؤنڈر مہیش تھیکشنا اتوار کے روز ہندوستان کے خلاف کھیلے جانے والے ٹائٹل میچ میں شامل نہیں ہوں گے۔


پاکستان کے خلاف سپر فور میچ کے دوران ان کے دائیں ہیمسٹرنگ میں چوٹ آئی تھی۔ ہفتہ کے روز آئی سی سی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل اسکین سے ان کے پٹھوں میں چوٹ کی تصدیق ہوئی ہے۔ سلیکٹرز نے تھیکشنا کی جگہ سہان آراچیگے کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

آراچیگے نے اب تک دو ون ڈے میچ کھیلے ہیں۔ وہ مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرتے ہیں اور آف بریک گیند بازی بھی کرتے ہيں۔ فائنل سے قبل تھیکشنا کی انجری میزبان ٹیم کے لیے بڑا دھکا ہے۔ وہ سری لنکا کے اہم کھلاڑی تھے اور انہوں نے پانچ میچوں میں 29.12 کی اوسط سے آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ وہ صحتیابی کے لیے ہائی پرفارمنس سینٹر واپس جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔