ایشیا کپ: سنسنی خیز مقابلہ کے بعد پاکستان اور افغانستان کے شائقین آپس میں متصادم، شارجہ کے میدان میں توڑ پھوڑ

ہنگامہ آرائی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، جن میں دونوں اطراف کے شائقین کو تشدد برپا کرتے ہوئے اور شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کو نقصان پہنچاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

شارجہ: ایشیا کپ کے دوران بدھ کی شب شارجہ اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ کے بعد پاکستان اور افغانستان کے شائقین ایک دوسرے سے متصادم ہو گئے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شائقین ایک دوسرے کو گالیاں دے رہے ہیں، طعنے دے رہے ہیں اور مذاق اڑا رہے ہیں۔ ویڈیو میں فساد جیسی صورتحال کے درمیان دونوں اطراف کے شائقین تشدد میں ملوث اور شارجہ اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

پاکستان کے سابق تیز گیندباز شعیب اختر نے افغان شائقین پر تشدد کا الزام لگاتے ہوئے ٹویٹر پر لکھا، ’’یہ ہے جو افغان پرستار کر رہے ہیں۔ یہ وہی ہے جو وہ ماضی میں کئی بار کر چکے ہیں۔ یہ ایک کھیل ہے اور اسے صحیح جذبے کے ساتھ کھیلا جانا چاہیے۔‘‘

خیال رہے کہ غصہ اس وقت بھڑکا جب فاسٹ باؤلر فرید خان نے 19ویں اوور میں آصف علی (16) کو آؤٹ کر دیا اور پاکستان کا اسکور 9 وکٹ پر 118 ہو گیا۔ اس دوران دونوں کھلاڑیوں میں الفاظ کا تبادلہ ہوا۔ آصف نے اپنا بیٹ فرید کے چہرے کے قریب کیا اور اس سے پہلے کہ افغانستان کے کھلاڑی دونوں کو الگ کرنے کے لیے پہنچیں، دونوں نے ایک دوسرے کو دھکا دے دیا۔


پاکستان کے نمبر 9 بلے باز نسیم شاہ نے افغانستان کے خلاف آخری اوور میں یکے بعد دیگرے چھکے مار کر اپنی ٹیم کو جیت دکا دی اور اسی کے ساتھ ان کا سری لنکا کے خلاف ایشیا کپ کا فائنل کھیلنا طے ہو گیا۔ آخری اوور میں پاکستان کو 11 رنز درکار تھے اور اس کے ہاتھ میں صرف ایک وکٹ تھا۔ نسیم شاہ نے فاسٹ باؤلر فضل حق فاروقی کی دو لو فل ٹاس گیندوں پر لگاتار چھکے لگا کر پاکستان کو 131-9 تک پہنچا دیا۔

نسیم شاہ نے جب آخری شاٹ لگاتے ہوئے گیند کو لانگ آف کی جانب روانہ کیا تو جیت کی خوشی میں انہوں نے ڈریسنگ روم کی طرف بھاگتے ہوئے اپنا ہیلمٹ اور دستانے پھینک دئے اور ان کے ساتھی کھلاڑی بھی اس جیت کا جشن منانے کے لیے میدان میں پہنچ گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔