ورلڈ کپ کے نئے شیڈول کا اعلان، 9 میچز میں تبدیلی، جانیں کب ہوگا ہندوستان-پاکستان کا مقابلہ؟
شیڈول میں تبدیلی کے بعد ہندوستان-پاکستان کے درمیان میچ اب 15 کے بجائے ایک دن پہلے یعنی 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس سمیت 9 میچوں کے شیڈول میں تبدیلیاں کی گئی ہیں
نئی دہلی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ 2023 کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ اس کے تحت ہندوستان-پاکستان میچ سمیت 9 میچوں میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ خیال رہے کہ ون ڈے ورلڈ کپ 2023 اس سال 5 اکتوبر سے شروع ہونا ہے، جس کی میزبانی ہندوستان کر رہا ہے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 19 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
شیڈول میں تبدیلی کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ اب 15 کے بجائے ایک دن پہلے یعنی 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس سمیت 9 میچوں کے شیڈول میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
دراصل، 15 اکتوبر کو نوراتری کا پہلا دن ہوگا۔ اس وجہ سے اس میچ کو ری شیڈول کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 12 اکتوبر کو ہونے والے پاکستانی ٹیم کے ایک اور میچ میں تبدیلی کی جائے گی۔ یہ میچ سری لنکا کے خلاف ہونا ہے، جو اب حیدرآباد میں 12 کے بجائے 10 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
اس کے علاوہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ایڈن گارڈنز، کولکاتا میں 12 نومبر کو ہونے والا میچ ایک دن پہلے یعنی 11 نومبر کو اسی گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔ کالی پوجا کی وجہ سے اس میچ میں تبدیلی کی گئی ہے۔
ان 9 میچوں کے شیڈول میں تبدیلی
- انگلینڈ بمقابلہ بنگلہ دیش: 10 اکتوبر - صبح 10.30 بجے سے
- پاکستان بمقابلہ سری لنکا: 10 اکتوبر - دوپہر 2.00 بجے سے
- آسٹریلیا بمقابلہ جنوبی افریقہ: 12 اکتوبر - دوپہر 2.00 بجے سے
- نیوزی لینڈ بمقابلہ بنگلہ دیش: 13 اکتوبر - دوپہر 2.00 بجے سے
- ہندوستان بمقابلہ پاکستان: 14 اکتوبر - دوپہر 2.00 بجے سے
- انگلینڈ بمقابلہ افغانستان: 15 اکتوبر - دوپہر 2.00 بجے سے
- آسٹریلیا بمقابلہ بنگلہ دیش: 11 نومبر - صبح 10.30 بجے سے
- انگلینڈ بمقابلہ پاکستان: 11 نومبر - دوپہر 2.00 بجے سے
- ہندوستان بمقابلہ نیدرلینڈ: 12 نومبر - دوپہر 2.00 بجے سے
ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک کھیلا جائے گا۔ کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہو رہا ہے، جب پورا ورلڈ کپ ہندوستان میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل ہندوستان نے مشترکہ طور پر 1987، 1996 اور 2011 ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی۔ 13ویں ون ڈے ورلڈ کپ کا مکمل شیڈول منگل کو ممبئی میں جاری کیا گیا۔
یہ پورا ٹورنامنٹ 46 دن کا ہوگا۔ ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر کو احمد آباد میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور پچھلی بار کی رنر اپ نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ سے ہوگا۔ جبکہ ہندوستانی ٹیم اپنا پہلا میچ آسٹریلیا کے خلاف 8 اکتوبر کو چنئی میں کھیلے گی۔ فائنل 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ورلڈ کپ کے دوران 45 میچوں پر مشتمل راؤنڈ رابن لیگ میں 10 ٹیمیں ایک دوسرے سے مدمقابل ہوں گی۔ ہر ٹیم دیگر 9 ٹیموں سے راؤنڈ رابن فارمیٹ میں کھیلے گی، جس میں ٹاپ چار ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے (سیمی فائنل) کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ پہلا سیمی فائنل 15 نومبر کو ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور دوسرا سیمی فائنل 16 نومبر کو ایڈن گارڈنز، کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔ اگر ہندوستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو وہ اپنا سیمی فائنل میچ ممبئی میں کھیلے گا۔
وانکھیڑے اسٹیڈیم نے 2011 کے ورلڈ کپ کے فائنل کی میزبانی کی، جس میں مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے سری لنکا کو شکست دے کر 28 سال بعد ون ڈے ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ویسے ایڈن گارڈنز نے 1987 کے ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ٹائٹل میچ کی میزبانی کی تھی جو آسٹریلیا نے جیتی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔