عالمی کپ میں خراب کارکردگی کے درمیان انگلینڈ کو لگا جھٹکا، ڈیوڈ وِلی نے ریٹائرمنٹ کا کیا اعلان

33 سالہ ڈیوڈ وِلی نے رواں عالمی کپ میں انگلینڈ ٹیم کے لیے 5 وکٹ حاصل کیے اور نچلے آرڈر میں آ کر 42 رنوں کا تعاون بھی پیش کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ڈیوڈ وِلی، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/englandcricket">@englandcricket</a></p></div>

ڈیوڈ وِلی، تصویر@englandcricket

user

قومی آواز بیورو

عالمی کپ 2023 میں انگلینڈ کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔ اب تک کھیلے گئے 6 میچوں میں اسے صرف 1 جیت حاصل ہوئی ہے۔ اس درمیان انگلش ٹیم کے ایک اہم رکن نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ 33 سالہ آل راؤنڈر ڈیوڈ وِلی نے بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب وہ عالمی کپ کے بعد انگلش ٹیم کے لیے کھیلتے ہوئے دکھائی نہیں دیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ ڈیوڈ وِلی کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اپنے 24-2023 کے سالانہ کانٹریکٹ میں بھی جگہ نہیں دی تھی۔ حالانکہ وہ عالمی کپ میں انگلش ٹیم کے اہم رکن ہیں اور انھوں نے 3 میچوں میں نچلے آرڈر میں آ کر نہ صرف 42 رن بنائے بلکہ 27.20 کی اکونومی سے 5 وکٹ بھی لیے۔


ڈیوڈ وِلی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے ریٹائرمنٹ کی جانکاری دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’بڑے ہوتے ہوئے میں نے صرف انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے لیے کھیلنے کا خواب دیکھا۔ کافی غور و خوض کے بعد افسوس کے ساتھ میں نے عالمی کپ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میں نے بہت فخر کے ساتھ انگلینڈ کی جرسی پہنی اور سب کچھ ٹیم کے لیے وقف کر دیا۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’میں دنیا کے کچھ بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ ایسی حیرت انگیز سفید گیند ٹیم کا حصہ بننے کے لیے بہت خوش قسمت رہا ہوں۔ میں نے اس سفر میں کچھ خاص یادیں اور اچھے دوست بنائے اور کچھ بہت مشکل وقت سے بھی گزرا۔ میری بیوی، دو بچوں، والدہ اور والد... میں آپ کی قربانیوں اور اٹوٹ حمایت کے بغیر اپنے خوابوں کو پورا نہیں کر پاتا۔‘‘

بہرحال، ریٹائرمنٹ کے بعد ڈیوڈ وِلی انگلینڈ اور دنیا بھر میں شارٹ فارم کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔ انھوں نے گزشتہ سال ٹی-20 بلاسٹ میں نارتھمپٹن شایر کی کپتانی کی اور ویلش فایر ان دی ہنڈریڈ کی نمائندگی کی اور جنوری میں آئی ایل ٹی-20 میں ابوظبی نائٹ رائیڈرس کے لیے کھیلنے والے ہیں۔ انھیں آئندہ سال کے آئی پی ایل سے پہلے رائلر چیلنجرس بنگلورو کے ذریعہ بھی ریٹین کیا جا سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔