امباتی رائیڈو کی 9 دن میں ہی سیاست سے دلچسپی ختم! وائی ایس آر سی پی سے علیحدگی کا اعلان
سابق انڈین کرکٹر امباتی رائیڈو نے کچھ عرصے کے لیے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے۔ رائیڈو نے وائی ایس آر سی پی سے استعفیٰ دے دیا ہے، جس میں انہوں نے 9 روز قبل ہی شمولیت اختیار کی تھی
امراوتی: امباتی رائیڈو نے چونکا دینے والا فیصلہ کرتے ہوئے سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے خود سیاست سے کنارہ کشی کرنے اور یوجنا شرمک رائتھو کانگریس پارٹی (وائی ایس آر سی پی) سے استعفیٰ دینا کی اطلاع دی۔ رائیڈو 9 دن پہلے ہی یعنی 28 دسمبر کو پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔ تاہم، انہوں نے سیاست کو ہمیشہ کے لیے نہیں چھوڑا، بلکہ کچھ عرصے کے لیے سیاست سے دور ہو گئے ہیں۔ سابق انڈین کرکٹر نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے فیصلے کی اطلاع دی۔
رائیڈو نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا، ’’یہ سب کو مطلع کرنے کے لیے ہے کہ میں نے وائی ایس آر سی پی پارٹی کو چھوڑنے اور کچھ وقت کے لیے سیاست سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مزید کارروائی کا اعلان صحیح وقت پر کیا جائے گا۔‘‘
خیال رہے کہ رائیڈو نے 28 دسمبر کو آندھرا پردیش کے وزیر اعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی کی موجودگی میں پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس دوران ریاست کے ڈپٹی سی ایم نارائن سوامی اور ایم پی پیڈیریڈی متھن ریڈی بھی موجود تھے۔
رائیڈو نے پارٹی چھوڑنے کے اپنے فیصلے کے بارے میں کچھ واضح نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مناسب وقت آنے پر مزید کارروائی کے بارے میں آگاہ کریں گے۔
رائیڈو نے آئی پی ایل 2023 کے بعد کرکٹ کو الوداع کہہ دیا تھا۔ 2023 کے آئی پی ایل میں، رائیڈو چنئی سپر کنگز کا حصہ تھے، جو چیمپئن بنی۔ تاہم، اس سے قبل 2019 میں رائیڈو نے بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا تھا۔
سابق ہندوستانی کرکٹر کے کیریئر کے بارے میں بات کریں تو انہوں نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 55 ون ڈے اور 6 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ اس کے علاوہ انہوں نے 203 آئی پی ایل میچز بھی کھیلے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔