ٹیم انڈیا کی شکست کے بعد وزیر اعظم کی کھلاڑیوں سے ملاقات کی ویڈیو جاری، ’ہار جیت ہوتی رہتی ہے، مسکرائیے!‘

ٹیم انڈیا کو آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں شکست ہوئی ہے لیکن ملک پھر بھی ایک قوت کی طرح اس کے پیچھے کھڑا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے بھی ٹیم کی تعریف کی ہے

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کسی بھی کھیل میں جیت اور ہار ہوتی ہے۔ کبھی کوئی ٹیم مسلسل جیتنے کے باوجود ہار جاتی ہے اور کبھی ہار کے دہانے پر کھڑی ٹیم جیت جاتی ہے۔ یہ کھیل کی خوبصورتی ہے۔ کرکٹ ہو، فٹ بال ہو یا ہاکی۔ ہر کھیل میں فتح اور شکست ہوتی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کی شام ڈریسنگ روم میں انڈین کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی تو انہوں نے یہ باتیں ان سے شیئر کیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

خیال رہے کہ ورلڈ کپ کا فائنل میچ اتوار (19 نومبر) کو ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ انڈیا کے 241 رنز کے ہدف کو آسٹریلیا نے 43 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس شکست نے ہندوستانی شائقین کے دل توڑ دیے، کیونکہ ہندوستان ایک بھی میچ ہارے بغیر فائنل میں پہنچا تھا۔ فائنل دیکھنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ خود اسٹیڈیم پہنچے تھے۔


جیسے ہی آسٹریلیا نے رنز کا تعاقب مکمل کیا، ان کے کھلاڑی دوڑتے ہوئے پچ پر پہنچ گئے۔ دوسری طرف مایوس ہندوستانی کھلاڑی تھے جن کے کندھے شکست کی وجہ سے جھک گئے تھے۔ خود کپتان روہت شرما کی آنکھوں میں آنسو تھے۔ ٹیم انڈیا کے باقی کھلاڑیوں کا بھی یہی حال تھا۔ تاہم جب ٹیم ڈریسنگ روم پہنچی تو پی ایم مودی ہندوستانی ٹیم کے افسردہ کھلاڑیوں سے ملنے وہاں پہنچے۔ انہوں نے پوری ٹیم سے ملاقات کی اور اس کی حوصلہ افزائی کی۔

پی ایم مودی کی ڈریسنگ روم میں ٹیم انڈیا کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے۔ دیکھا جا سکتا ہے کہ پی ایم مودی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ وہ پہلے روہت اور وراٹ کوہلی سے ملے۔ انہیں روہت سے کہتے سنا جا سکتا ہے، 'تم لوگ یہاں 10 میچ جیت کر آئے ہو۔ یہ (میچوں میں ہار) ہوتا رہتا ہے۔ مسکرائیے بھائی آپ لوگوں کو ملک دیکھ رہا ہے۔‘‘ ویڈیو میں وہ روہت اور وراٹ کے کندھے بھی تھپتھپا رہے ہیں۔


پی ایم مودی کہتے ہیں، ’’میں نے سوچا کہ مجھے آپ لوگوں سے ملنا چاہیے۔‘‘ وہ ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ راہل دراوڈ سے بھی ملے اور کہتے ہیں ’’تم لوگوں نے بہت محنت کی ہے۔‘‘ اس کے بعد وہ رویندر جڈیجہ سے ملے۔ پی ایم مودی نے محمد سمیع سے ملاقات کی اور انہیں گلے لگاتے ہوئے کہا، ’’آپ نے اس بار بہت اچھا کیا ہے۔‘‘ وزیر اعظم مودی ایک ایک کر کے ہندوستانی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں سے ملتے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔