ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ فائنل میں شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم کو آئی سی سی نے دیا شدید جھٹکا، گل کے لیے بھی بری خبر!

آئی سی سی نے ہندوستانی سلامی بلے باز شبھمن گل پر الگ سے جرمانہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس جرمانہ کی وجہ ہے متنازعہ کیچ کے بارے میں ان کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پوسٹ کرنا۔

آئی سی سی، تصویر آئی اے این ایس
آئی سی سی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ملنے کے بعد اب ایک اور بری خبر کا سامنا ہندوستانی ٹیم کو کرنا پڑ رہا ہے۔ آئی سی سی نے اوور کی دھیمی رفتار کے لیے ہندوستانی ٹیم کی پوری میچ فیس کاٹ لی ہے۔ یہ جھٹکا آئی سی سی نے صرف ہندوستانی ٹیم کو ہی نہیں دیا ہے، بلکہ آسٹریلیائی ٹیم کی بھی میچ فیس کا 80 فیصد کاٹنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

دراصل فائنل میچ کے دوران دونوں ٹیموں نے بیشتر اوور اپنے تیز گیندبازوں سے کرائے تھے، اسی کا نتیجہ ہے کہ کسی بھی دن پورے 90 اوور کا کھیل نہیں ہو پایا۔ میچ کے بعد آئی سی سی نے دونوں ٹیموں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستانی کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 100 فیصد اور آسٹریلیائی کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 80 فیصد جرمانہ لگایا گیا۔ ہندوستانی ٹیم کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ طے مدت کے مطابق 5 اوور پیچھے تھی، جبکہ آسٹریلیا ٹیم 4 اوور پیچھے تھی۔ آئی سی سی کے اصول و ضوابط میں شق 2.22 کے مطابق جب کوئی ٹیم طے وقت پر پورے اوور نہیں کر پاتی ہے تو کھلاڑیوں پر ہر اوور کے لیے ان کی میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ لگایا جاتا ہے۔


آئی سی سی نے ہندوستانی سلامی بلے باز شبھمن گل پر الگ سے جرمانہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس جرمانہ کی وجہ ہے متنازعہ کیچ کے بارے میں ان کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پوسٹ کرنا۔ گل نے آئی سی سی کے شق 2.7 کی خلاف ورزی کی ہے جو ایک بین الاقوامی میچ میں ہونے والے واقعہ کے سلسلے میں برسرعام تنقید یا نامناسب تبصرہ سے متعلق ہے۔ شبھمن گل پر ان کی میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ لگایا گیا ہے۔ یعنی دھیمی اوور رفتار کی وجہ سے 100 فیصد میچ فیس تو گل کے لیے پہلے ہی کٹ گئی ہے، اب 15 فیصد اپنی جیب سے آئی سی سی کو جرمانہ بھرنا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔