ایشیا کپ کے بعد ’وِزڈن‘ نے ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا کیا اعلان، وراٹ کوہلی کا نام غائب
وِزڈن نے اپنی ٹیم میں بطور اوپنر روہت شرما اور شبھمن گل کا انتخاب کیا ہے، اس کے بعد تیسرے نمبر پر سری لنکائی کھلاڑی کسل مینڈس کو جگہ ملی ہے، اس ٹیم میں ہندوستان کے 6 کھلاڑی شامل ہیں۔
ہندوستانی ٹیم نے ریکارڈ آٹھویں مرتبہ ایشیا کپ پر قبضہ کر عالمی کپ کے لیے اپنی تیاریوں کا برملہ اظہار کر دیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے فائنل مقابلہ میں سری لنکا کو 10 وکٹ سے شکست دے کر کئی ریکارڈ بنائے، اور پورے ٹورنامنٹ میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی اعلیٰ درجہ کی رہی۔ اب جبکہ ایشیا کپ ٹورنامنٹ ختم ہو گیا ہے، تو ’وِزڈن‘ نے اپنی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ لیکن حیرانی کی بات یہ ہے کہ اس میں وراٹ کوہلی کو جگہ نہیں ملی ہے۔
دراصل ایشیا کپ میں وراٹ کوہلی نے پاکستان کے خلاف تو شاندار سنچری لگائی، لیکن پھر سری لنکا کے خلاف وہ جلدی پویلین لوٹ گئے۔ بنگلہ دیش کے خلاف بھی کوہلی کوئی کمال نہیں کر پائے اور جب فائنل میں ہندوستانی ٹیم کو جیت کے لیے محض 51 رنوں کا ہدف ملا تو وراٹ کوہلی کو بلے بازی کا موقع ہی نہیں مل سکا۔ یہی وجہ ہے کہ وِزڈن کی ٹیم میں وراٹ کوہلی کا نام شامل نہیں ہے۔
وِزڈن نے اپنی ٹیم میں بطور اوپنر روہت شرما اور شبھمن گل کا انتخاب کیا ہے۔ اس کے بعد تیسرے نمبر پر سری لنکائی کھلاڑی کسل مینڈس کو جگہ ملی ہے اور چوتھے نمبر پر پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کا انتخاب کیا گیا ہے۔ کے ایل راہل بھی اس ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ اس کے علاوہ اس ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں بطور آل راؤنڈر بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن، ہندوستانی کھلاڑی ہاردک پانڈی اور سری لنکا کے دُنتھ ویلالاگے کو جگہ ملی ہے۔
ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں ہندوستانی اسپن گیندباز کلدیپ یادو، پاکستانی تیز گیندباز حارث رؤف اور ہندوستانی تیز گیندباز محمد سراج کو بھی جگہ ملی ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو اس ٹیم میں 6 ہندوستانی کھلاڑی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں، جبکہ پاکستان و سری لنکا کے 2-2 کھلاڑی اور بنگلہ دیش کے 1 کھلاڑی کو جگہ ملی ہے۔ نیپال اور افغانستان کا کوئی بھی کھلاڑی اس ٹیم میں شامل نہیں ہے۔
وِزڈن ٹیم آف دی ٹورنامنٹ: روہت شرما، شبھمن گل، کسل مینڈس، محمد رضوان، کے ایل راہل، شکیب الحسن، ہاردک پانڈیا، دُنتھ ویلالاگے، حارث رؤف، کلدیپ یادو اور محمد سراج۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔