ممبئی انڈینز سے ریلیز کیے جانے کے بعد کیرون پولارڈ نے جذباتی پوسٹ کرتے ہوئے آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ کا کیا اعلان
کیرون پولارڈ نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ وہ مزید کچھ سال کھیلنا چاہتے تھے، لیکن ممبئی کے ساتھ بات کرنے کے بعد انھوں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ لیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز آل راؤنڈر نے اعلان کیا ہے کہ وہ اب آئی پی ایل نہیں کھیلیں گے۔ یہ فیصلہ انھوں نے ممبئی انڈینز سے بات چیت کرنے کے بعد لیا اور پھر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ایک طویل جذباتی پوسٹ میں لکھا کہ ’’ممبئی انڈینز کو بدلاؤ کی ضرورت ہے۔ اگر میں اب ممبئی انڈینز کے لیے نہیں کھیل سکتا تو پھر میں خود کو ممبئی کے خلاف بھی کھیلتا ہوا نہیں دیکھ سکتا۔ میں ہمیشہ کے لیے ممبئی کا رہوں گا۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں ہی خبر سامنے آئی تھی کہ ممبئی انڈینز نے اس سیزن کی نیلامی سے پہلے کیرون پولارڈ کو ریلیز کر دیا ہے۔ 12 سال تک ممبئی انڈینز کے لیے کھیلنے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب پولارڈ کو ممبئی نے ریلیز کیا ہے۔ لیکن کیرون پولارڈ ممبئی کا ساتھ چھوڑنا نہیں چاہتے تھے، اس لیے انھوں نے ریٹائرمنٹ کا ہی اعلان کر دیا۔ کیرون پولارڈ نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ وہ مزید کچھ سال کھیلنا چاہتے تھے، لیکن ممبئی کے ساتھ بات کرنے کے بعد انھوں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ لیا ہے۔
واضح رہے کہ پولارڈ نے اپنا پورا کیریر ممبئی کے ساتھ ہی گزارا اور 171 پاریوں میں 3412 رن بنائے۔ پولارڈ کا آئی پی ایل میں بلے بازی اوسط 28.67 کا رہا اور اسٹرائیک ریٹ 147.32 کا رہا۔ 16 نصف سنچری لگانے والے پولارڈ کو لیگ کے سب سے بہترین فنشر کی شکل میں جانا جاتا رہا۔ تقریباً ایک دہائی سے زیادہ وقت تک ممبئی کی پلیئنگ الیون میں شامل ہونے والے اور مستقل کھیلنے والے پولارڈ کے لیے گزشتہ سیزن کافی مایوس کن رہا تھا۔ انھوں نے گزشتہ سیزن میں 11 میچوں میں 14.40 کی خراب اوسط سے صرف 144 رن بنائے تھے۔ اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ بھی صرف 107.46 رہا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔